• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ، خانہ جنگی، معاشی بحران، 2027ء کیسا ہو گا؟ چینی نجومی کی پیش گوئیاں سامنے آ گئیں

چینی نژاد کینیڈین ماہرِ تعلیم پروفیسر جیانگ شوئی چھِن— اسکرین گریب
چینی نژاد کینیڈین ماہرِ تعلیم پروفیسر جیانگ شوئی چھِن— اسکرین گریب

چین کے نوسٹراڈیمس سے شہرت رکھنے والے چینی نژاد کینیڈین ماہرِ تعلیم پروفیسر جیانگ شوئی چھِن اپنی تازہ پیش گوئیوں کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے۔

جیانگ شوئی اپنے یوٹیوب چینل پر ڈونلڈ ٹرمپ کی 2024ء کے صدارتی انتخابات میں کامیابی اور اس کے بعد مغربی ایشیاء میں امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان پیدا ہونے والی فوجی کشیدگی کی درست پیش گوئی سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے۔

2027ء آنے میں ابھی کئی ماہ باقی ہیں، تاہم انہوں نے آئندہ برس اور اس کے بعد کے سالوں کے حوالے سے کئی پیش گوئیاں کی ہیں، جنہوں نے ایک بار پھر تشویش پیدا کر دی ہے۔

ذیل میں وہ پیش گوئیاں بیان کی گئی ہیں جن کے بارے میں جیانگ شوئی کا خیال ہے کہ وہ 2027ء اور آنے والے برسوں میں حقیقت بن سکتی ہیں۔

1۔ مغربی ایشیا میں تنازع

پروفیسر کے نظریے کا مرکزی نکتہ مغربی ایشیاء میں جاری کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ فضائی حملے کسی فیصلہ کن نتیجے تک پہنچنے میں ناکام رہیں گے، جس کے بعد بالآخر واشنگٹن کو بڑے پیمانے پر زمینی فوجی کارروائی شروع کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔

جیانگ شوئی کا دعویٰ ہے کہ امریکی افواج کئی سال تک جاری رہنے اور تھکا دینے والی جنگ میں پھنس جائیں گے، جس میں انہیں فتح حاصل نہیں ہو گی۔

2۔ فوجی بھرتی کا دوبارہ نفاذ

جیانگ شوئی کے مطابق جنگ کے باعث امریکی حکومت کو لازمی فوجی بھرتی کا نظام دوبارہ نافذ کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ 2027ء تک ملک گیر فوجی بھرتی کے لیے قانونی ڈھانچہ تیار کر لیا جائے گا، جس کے نتیجے میں ممکنہ طور پر نوجوان امریکیوں کو فوجی خدمات انجام دینے پر مجبور کیا جا سکے گا۔

3۔ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کے اختیارات میں توسیع

پروفیسر کا کہنا ہے کہ اندرونِ ملک قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک میں کنٹرول برقرار رکھنے کے لیے زیادہ فعال کردار اختیار کریں گے۔

ان کے مطابق امریکی ادارے امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کے اختیارات میں نمایاں اضافہ ہو گا، جبکہ نیشنل گارڈ کو بڑے شہری علاقوں میں معمول کے مطابق تعینات کیا جائے گا۔

4۔ عالمی معاشی تباہی

جیانگ شوئی نے ایک بڑے معاشی بحران سے بھی خبردار کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کی طویل عرصے تک ناکہ بندی یا آمدورفت میں خلل دنیا بھر میں تیل، گیس اور کھاد کی قیمتوں میں اچانک اضافے کا سبب بنے گا۔

جیانگ شوئی نے کہا ہے کہ اس کے نتیجے میں جدید سپلائی چینز تیزی سے بکھر جائیں گی، جس سے خوراک کی قلت اور مہنگائی میں اضافہ ہو گا۔

5۔ امریکا میں ’خانہ جنگی‘ جیسے حالات

روایتی جنگ کے بجائے جیانگ شوئی امریکا میں دوسری خانہ جنگی کی پیش گوئی کرتے ہیں۔

ان کے مطابق معاشی مشکلات، لازمی فوجی بھرتی کے خلاف مزاحمت اور سڑکوں پر فوج کی موجودگی میں اضافے کے باعث ملک میں مسلسل ہنگامہ آرائی کی صورتِ حال پیدا ہو سکتی ہے۔

ان کا خیال ہے کہ 2027ء کے دوران خانہ جنگی کے لیے درکار تمام عوامل موجود ہوں گے۔

یہ تمام پیش گوئیاں امریکا کے حوالے سے کی گئی ہیں، تاہم اگر ایسے واقعات رونما ہوتے ہیں تو ان کے اثرات پوری دنیا پر پڑ سکتے ہیں۔

یوٹیوب چینل پر کی گئی ان پیش گوئیوں کے علاوہ جیانگ شوئی نے حال ہی میں 23 اگست کو ٹیکساس کے شہر آسٹن میں منعقدہ امریکن پروپسی میٹ اَپ سے بھی خطاب کیا، جہاں انہوں نے اسی نوعیت کے نکات بھی پیش کیے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تیسری مدتِ صدارت

اس موقع پر انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے صدر کی حیثیت سے تیسری مدت حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ دعویٰ بظاہر غیر معمولی معلوم ہوتا ہے کیونکہ موجودہ امریکی آئین کے تحت کوئی شخص تیسری مرتبہ صدر منتخب نہیں ہو سکتا۔

امریکی آئین کی 22 ویں ترمیم کسی بھی شخص کو دو مرتبہ سے زیادہ صدر منتخب ہونے سے روکتی ہے، تاہم جیانگ شوئی کی اس پیش گوئی نے توجہ ضرور حاصل کی ہے، کیونکہ ٹرمپ اور ان کے بعض اتحادی متعدد مرتبہ تیسری مدت کے امکان کا عندیہ دے چکے ہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید