دبئی (عبدالماجد بھٹی) لارڈ ٹیسٹ ہارنے کے بعد پاکستان کرکٹ ہنگامہ خیز دور سے گذری، دس دن ٹیم میدان سے باہر منفی خبروں کی زد میں رہی۔ ری سیٹ کے بعد سسٹم ری اسٹارٹ کیا جارہا ہے۔ نئی امیدوں کے ساتھ تیسرے ٹیسٹ میں بدھ سے انگلینڈ کےخلاف ایجبسٹن، برمنگھم میں میدان میں اترے گی ۔پاکستان ابتدائی دونوں ٹیسٹ ہارچکا ہے، نئے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، نئے بولنگ کوچ نوفکے اور سات کھلاڑیوں کے انگلینڈ پہنچنے کے بعد پاکستانی ٹیم کوسیریز میں وائٹ واش سے بچنا ہے۔ان میں سے پانچ نے ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی ہے۔ بابر اعظم کا اس گرائونڈ میں ون ڈے ریکارڈ اچھا ہے لیکن انہوں نے تین سال سے کوئی سنچری نہیں بنائی ہے۔بابر نے کہا کہ ہم سیریز ہار چکے ہیں، تاہم خواہش ہے کہ اچھے انداز میں سیریز کا اختتام کریں۔ یہ نئے آنے والے کھلاڑیوں کیلئے سنہری موقع ہے۔ ماضی میں کیا ہوا یا دورہ ختم ہونے کے بعد کیا ہوگا، اس پر توجہ دینے کے بجائے بہتر ہے کہ ٹیسٹ میچ پر پوری توجہ مرکوز رکھی جائے۔ کس کامبینیشن کے ساتھ کھیلنا ہے یہ تقریباً طے کر چکے ہیں۔ کنڈیشنز کے اعتبار سے بہترین ٹیم میدان میں اتاریں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اس میدان میں اب تک 8 میچز کھیلے گئے ہیں۔ 5 میں قومی ٹیم کو شکست ہوئی ہے جب کہ تین بے نتیجہ رہے ہیں ۔ بابر اعظم نے ایجسٹن گراؤنڈ میں 4 ون ڈے میچوں میں 2 سنچریوں کیساتھ 298 رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے 2019 ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 101 ناٹ آؤٹ جب کہ جولائی 2021 میں انگلینڈ کے خلاف 158 رنز بنائے تھے۔