• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وکٹ کیپر ’’غاز ی غوری‘‘ پاکستان کرکٹ کلب زون 6 کے نئے ٹیسٹ کرکٹر

وکٹ کیپر ’’غاز ی غوری‘‘ پاکستان کرکٹ کلب زون 6 کے نئے ٹیسٹ کرکٹر ہیں، انہوں نے 2020 میں زون چھ کے میٹرو پولیٹن کلب سے اپنے کرکٹ کیریئر کی شروعات کیں۔

برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ پر انگلینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے خانیوال کے عمران رندھاوا، محمد عباس نے مردان کے رضا اللہ اور سعود شکیل نے وکٹ کیپر غاز ی غوری کو ٹیسٹ کیپ دی، کراچی کے نوجوان وکٹ کیپر غازی غوری اس سے قبل پاکستان کیلئے ون ڈے کرکٹ کھیل چکے ہیں۔

کراچی کو پاکستان کرکٹ کی نرسری کہا جا تا ہے، کرکٹ کے اعتبار سے کراچی کو 7 زون میں تقسیم کیا گیا ہے، کراچی کرکٹ میں زون سات اور پاکستان کرکٹ کا بڑا اثر و رسوخ ہے، پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے سربراہ ندیم عمر ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے صدر ہیں، ان کی سربراہی میں زون 6 کے کلب پاکستان کرکٹ کلب کو خاص مقام حاصل ہے، جسے کراچی کرکٹ کے معروف کرکٹ آرگنائزر اور زون 6  کے سیکریٹری اعظم خان عرصہ دراز سے چلا رہے ہیں۔

2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فاتح کپتان سرفراز احمد نا صرف زون 6 سے تعلق رکھتے ہیں، بلکہ ان کی کرکٹ میں ندیم عمر اور اعظم خان کا انتہائی اہم کردار سمجھا جاتا ہے۔

اب کراچی کے معروف کرکٹ کلب پاکستان سی سی سے ایک نیا ستارہ پاکستان کرکٹ کے افق پر نمودار ہوا ہے، وکٹ کیپر غازی غوری جو برمنگھم کے ایجبسنٹن کرکٹ گراؤنڈ پر ٹیسٹ کیپ لینے والے پاکستان کے 266ویں ٹیسٹ کرکٹر بنے ہیں۔ 16 مارچ 2003 کو کراچی میں پیدا ہونیوالے محمد غازی غوری نے پاکستان کیلئے 4 بین الاقوامی ون ڈے کھیلے ہیں۔

4 بہنوں کا اکلوتا بھائی غازی غوری کراچی میں نارتھ ناظم آباد کے علاقے فائیو اسٹار چورنگی کے رہائشی ہیں، غازی غوری نے 2020 میں زون چھ کے میٹرو پولیٹن کلب سے اپنے کرکٹ کیرئیر کی شروعات کیں اور اگلے ہی برس انھیں اعظم خان نے پاکستان کرکٹ کلب کیلئے منتخب کر لیا۔

غازی غوری پانچ بہن بھائیوں میں چوتھے نمبر پر ہیں، ان کے والد ارسلان رحیم کو کرکٹ کا بے حد شوق ہے، تاہم غازی غوری کے دادا کی خواہش تھی کہ وہ اپنی تعلیم پر توجہ دیں، ارسلان رحیم کا اپنا فوڈ مشینری کا کاروبار ہے، ارسلان رحیم نے اپنے والد کے برعکس صاحبزادے کو کرکٹ سے دور نہیں کیا، اور الثاقب اسکول میں تعلیم کے دوران ہی انھوں نے غازی غوری کو کرکٹ کے کھیل کے حوالے سے مکمل آزادی دی۔ 

پاکستان کے لئے 13 ٹیسٹ میچوں میں قیادت کے فرائض انجام دینے والے قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور کوچ عاصم رضوی نے کرکٹ کے ابتدائی دور میں غازی غوری کی مکمل رہنمائی کی۔

2023 میں قذافی اسٹیدیم لاہور سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں غازی غوری نے کراچی ریجن وائٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے فیصل آباد ریجن کے لیے فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا۔

وکٹ کیپر غازی غوری کی سرفراز احمد نے خاص رہنمائی کی، انھوں نے نا صرف اس نوجوان کو گروم کیا، بلکہ کئی میچوں میں انھوں نے وکٹ کیپنگ گلوز غازی غوری کو سنبھالنے کیلئے دیے اور خود بطور فیلڈر خدمات انجام دیں۔

پاکستان کرکٹ کلب کراچی کا ایک معروف کلب ہونے کیساتھ اب ایک اور ٹیسٹ کرکٹر کو بنتے دیکھ رہا ہے، جو یقیناً اس کلب کیلئے ایک اعزاز کی بات ہے، ماضی میں پاکستان کرکٹ کلب کی نمائندگی کرنیوالے سرفراز احمد اور شان مسعود جنھوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی قیادت کے فرائض انجام دیے، ان کے کیساتھ اسد شفیق ،صائم ایوب،سعود شکیل ،فخر زمان، میر حمزہ ،اور تابش خان ٹیسٹ کرکٹ کھیلے، جبکہ دانش عزیز، رمیز راجا جونئیر ،انور علی، محمد اعظم خان، احسان علی، سعد علی ،عثمان خان ،خواجہ محمد نافع، عمیر بن یوسف اور رومان رئیس نے بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید