• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے صوبے بانی پی ٹی آئی کے سوا کسی کے بس کی بات نہیں، شفیع جان

وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ نئے صوبے بانی پی ٹی آئی کے سوا کسی کے بس کی بات نہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں شفیع جان، وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک اور پی پی پی سینیٹر پلوشہ خان نے شرکت کی۔

اس موقع پرصوبائی وزیر نے کہا کہ نئے صوبے بنانے ہیں تو بانی پی ٹی آئی ہی بناسکتے ہیں، باقی کسی کے بس کی بات نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ اسمبلی اس طرح کی قانون سازی کرنے کےلیے قانونی حیثیت نہیں رکھتی، یہ اسمبلی نئے صوبوں سے متعلق ترمیم نہیں کرسکتی، تازہ انتخابات کرائے جائیں۔

شفیع جان نے مزید کہا کہ جب آئین میں ایک چیز واضح ہے تو ریفرنڈم کا کوئی جواز نہیں بنتا، ریفرنڈم کی تاریخ پاکستان میں اچھی نہیں رہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سے کئی غلطیاں ہوئیں غلطیوں سے ہی سیکھا جاتا ہے، احتجاج تب ہوتا ہے جب کسی کی کہیں سنوائی نہ ہورہی ہو۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ سندھ کے لوگوں کو اسلام آباد نہیں بلایا جارہا، وہ وہاں احتجاج کریں گے، ہم نے سندھ میں غربت دیکھی ہے، 18 سال میں پی پی نے کوئی کام نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں ن لیگ کے مقابلے میں سندھ میں پیپلز پارٹی کا رویہ ہمارے ساتھ بہت بہتر تھا، مینڈیٹ کا احترام اور گورننس کو بہتر نہیں کیا جائے گا چیزیں بہتر نہیں ہوں گی۔

شفیع جان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جب پمز لایا گیا تو انجیوگرافی کی مشین کام نہیں کررہی تھی، اس حکومت کے خلاف جو بھی سیاسی قوت ہے، ہم ان سے بات کرنے کو تیار ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس حکومت کے پاس کوئی معاشی پلان نہیں جس جس چیز کو ہاتھ لگایا ہے تباہی پھیری ہے۔

قومی خبریں سے مزید