• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایپل نے فولڈ ایبل آئی فون متعارف کروا دیا، قیمت کتنی ہو گی؟

فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کے ساتھ ساتھ 18 سیریز کے 2 ماڈلز متعارف کروا دیے۔

یہ فولڈ ایبل آئی فون کھل کر کسی پاسپورٹ یا منی ٹیبلٹ کی طرح دگنا بڑا ہو جاتا ہے۔

9 ستمبر کو فولڈ ایبل آئی فون کے لانچ ایونٹ کے دوران ایپل کے نئے چیف ایگزیکٹیو جان ٹرنس نے کہا کہ یہ نئے ڈیزائن والا فون ہے اور اس میں وہ سب کچھ موجود ہے جو صارفین آئی فون میں پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم برسوں تک فولڈ ایبل ڈیزائن کو بہترین انداز سے تیار کرنے پر کام کرتے رہے، ہم سے پہلے دیگر کمپنیوں نے ایسے فولڈ ایبل فون تیار کیے جنہیں دیکھ کر لگتا ہے کہ 2 فون اکٹھے ایک ساتھ پھنس گئے ہیں اور ان کے فولڈ ایبل فون کو استعمال کرتے ہوئے بھی کچھ زیادہ اچھا محسوس نہیں ہوتا۔

جان ٹرنس نے دعویٰ کیا کہ آئی فون ڈو فولڈ ایبل فون کے استعمال کے تجربے کو بدل کر رکھ دے گا۔

واضح رہے کہ فولڈ ایبل فون کے اندر ایپل کا نیا اے 20 پرو چپ سیٹ موجود ہے اور اس کا آئی او ایس 27 آپریٹنگ سسٹم سے لیس ہے، اس کی باہر والی اسکرین 5.4 انچ کی ہے اور جب اسے کھولا جاتا ہے تو 7.6 انچ کا ڈسپلے نظر آتا ہے۔

اس فون کے اندر 12 جی بی ریم ہے، فرنٹ کیمرا 12 میگا پکسل ہے، اس میں ایک انڈر ڈسپلے کیمرا بھی موجود ہے، فون کا مین کیمرا 48 میگا پکسل ہے جبکہ ساتھ میں ایک 48 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا بھی دیا گیا ہے۔

ایپل کے اس فولڈ ایبل فون کی بیٹری 5800 ایم اے ایچ ہے اور فنگر پرنٹ سنسر اس کے سائیڈ میں دیا گیا ہے۔

فولڈ ایبل آئی فون کی قیمت کیا ہے؟

آئی فون ڈو کی قیمت 1999 ڈالرز یعنی تقریباََ 5 لاکھ 54 ہزار پاکستانی روپے سے شروع ہو گی اور یہ 23 اکتوبر سے دنیا کے مختلف ممالک کی مارکیٹس میں صارفین  کے لیے دستیاب ہو گا۔

کمپنی نے فولڈ ایبل آئی فون کے ساتھ آئی فون 18 پرو اور 18 پرو میکس کو بھی متعارف کروا دیا ہے جن میں متعدد نئے اے آئی فیچرز کا اضافہ کیا گیا ہے۔

سائنس و ٹیکنالوجی سے مزید