اسلام آباد (طاہر خلیل، نوشین یوسف، عاطف شیرازی، عاصم یٰسین) وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ نے جنگ میڈیا گروپ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے زیادہ شکایات پاور سیکٹر، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، پاسپورٹ، نادرا اور ای او بی آئی سے متعلق آتی ہیں، وزیراعظم آفس، ایوان صدر سمیت 250وفاقی سرکاری ادارے محتسب کے ویب پورٹل کے ساتھ منسلک ہوچکے ، وفاقی محتسب کے 82فیصد سے زائد فیصلوں پر عملدرآمد ہوا ،کوشش ہے کہ شکایات کے فیصلے 60 دن سے بھی کم مدت میں کیے جائیں، ایف آئی اے اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری سے متعلق معاملات بھی وفاقی محتسب کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں،گزشتہ سال 2 لاکھ 56ہزار شکایات موصول ہوئیں، 95فیصد شکایات پسماندہ اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کی ہیں جو وکیل کی فیس برداشت نہیں کرسکتے، انہوں نے بتایا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ انتظامی اختیار کے ساتھ عدالتی نوعیت کا کردار بھی ادا کرتا ہے،ملک میں سرکاری خدمات کی فراہمی اور انصاف کی فراہمی دونوں کے حوالے سے مسائل موجود ہیں، وفاقی محتسب میں کسی کیس کے فیصلے کے لیے شواہد ضروری ہوتے ہیں۔