• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان میں پاکستانی افرادی قوت کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں: زہرہ دستگیر

فوٹو: رپورٹر
فوٹو: رپورٹر

ٹوکیو: سفارت خانہ پاکستان جاپان میں تعینات کمیونٹی ویلفیئر اتاشی زہرہ دستگیر نے کہا ہے کہ جاپان میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے ملازمت کے وسیع مواقع موجود ہیں، تاہم جاپانی زبان کی مناسب تربیت نہ ہونے کے باعث پاکستان ان مواقع سے پوری طرح فائدہ نہیں اٹھا پا رہا۔

وہ مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کر رہی تھیں۔

زہرہ دستگیر نے کہا کہ مسلسل کوششوں کے باوجود پاکستان میں مطلوبہ تعداد میں جاپانی زبان سکھانے والے معیاری ادارے قائم نہیں ہو سکے۔ اسی وجہ سے نیپال، بھارت اور بنگلہ دیش کے مقابلے میں پاکستانی نوجوانوں کی بہت کم تعداد ملازمت کے لیے جاپان پہنچ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سفارت خانہ پاکستان کی کوشش ہے کہ ملک میں جاپانی زبان کے مزید اسکول اور تربیتی مراکز قائم کیے جائیں۔ اس مقصد کے لیے سرکاری جامعات اور متعلقہ اداروں سے رابطے جاری ہیں، جبکہ نجی شعبے کو بھی آگے بڑھ کر اس اہم موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

ملک نور اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت چاہتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی قانونی اور باعزت طریقے سے ملازمت کے ویزوں پر بیرون ملک جائیں۔ حکومت غیر قانونی ہجرت کی حوصلہ شکنی اور ہنرمند نوجوانوں کے لیے قانونی راستے کھولنے پر توجہ دے رہی ہے۔

تقریب میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا شاہ کے جاپان میں ایڈوائزر اسد نواز خان، مسلم لیگ ن جاپان کے سینئر نائب صدر چوہدری انصر اور پاکستانی کمیونٹی کی دیگر اہم و معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید