کراچی (سہیل افضل) سندھ اسمبلی ،پیپلز پارٹی کے مرتضی وہاب طویل عرصے تک کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے سربراہ رہنے کا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب ۔۔ ؟ ، سندھ اسمبلی میں لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2026 منظورکر لیا، بل کے مطابق کونسل کی مدت ختم ہونے پر میئر ہی ایڈمنسٹریٹر کے اختیارات سنبھالے گا۔ اپوزیشن کا شور شرابہ، احتجاج بے سود ، وزیر داخلہ و قانون سندھ ضیاء لنجار کاایوان میں پیش کردہ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا ، تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے ایوان نے پیر کو بلدیاتی قانون میں ترمیم کا بل ایوان میں سخت ہنگامہ آرائی اور نعرے بازی کے دوران کثرت رائے سے منظور کرلیا، اپوزیشن ارکان نے احتجاج کرتے ہوئے بل کی کاپیاں پھاڑ دیں۔ بل پیش کرنے سے قبل وزیر قانون و پارلیمانی امور ضیاء الحسن لنجار نے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2026 پر خصوصی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔ وزیر قانون رپورٹ پیش کررہے تھے کہ اپوزیشن ارکان نے ایوان میں سخت شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی شروع کردی ۔انہوں نے اپنے احتجاج کے دوران بل کی کاپیاں پھاڑ دیں۔اپوزیشن کے شور شرابے کے دوران ایوان نے کثرت رائے سے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2026 منظور کر لیا۔ جس کے بعدسندھ اسمبلی کا اجلاس منگل کی سہ پہرتین بجے تک ملتوی کردیا گیا۔ نئے ترمیمی قانون میں کئی اہم تبدیلیاں لائی گئی ہیں۔سندھ بلدیاتی ترمیمی ایکٹ 2026 کے تحت کونسل کی مدت ختم ہونے پر میئر ہی ایڈمنسٹریٹر کے اختیارات سنبھالے گا،بل کے مطابق نئے منتخب مئیر یا چیئرمین کے عہدہ سنبھالنے تک سبکدوش نمائندے ایڈمنسٹریٹر کے طور پر کام جاری رکھیں گے،قانون کے تحت آئندہ ڈپٹی میئر وائس چیئرمین کونسل کا کنوینر مقرر ہوگیا ہے اور وہ اجلاسوں کی صدارت کرسکے گا ۔یوسی چیئرمینز غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کر کے SBCA کو اطلاع دینے کے پابندہوں گے ۔سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2026میں مصالحتی کمیشن کا اضافہ کیا گیا ہے جس کی 90 دن میں تشکیل لازمی قراردی گئی ہے ،واضح رہے کہ میئر مرتضی وہاب نے 18 جون 2023 کو میئر کا عہدہ سنبھالا تھا اور اب ان کی مدت 17 جون 2027 کو ختم ہو گی جس کے بعد بھی یہ کے ایم سی کے سر براہ رہیں گے،جنگ کے قارئین اس بات ست واقف ہو نگے کہ میئر کراچی مرتضی وہاب بلدیاتی الیکشن سے پہلے بھی کے ایم سی کے ایڈمنسٹریٹر تھے اور تقریباً 2سال وہ ایڈمنسٹریٹر کی حثیت سے ادارے کے معاملات چلاتے رہیں ہیں اب اگروہ 16 جون 2027 کے بعد بھی اس عہدے پر رہتے ہیں تو وہ بیک وقت اس عہدے پر رہنے کا نیا ریکارڈ بنائیں گے ۔