• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خلاء میں الٹرا ساؤنڈ کیسے کیا جاتا ہے؟ خلاء باز انیل مینن کی ویڈیو وائرل

---تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا
---تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کے خلاء باز انیل مینن نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے الٹراساؤنڈ کرنے کا طریقہ شیئر کر دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

خلاء باز بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں تحقیق کے لیے مختلف تجربات کرتے رہتے ہیں اور ان کی تفصیلات اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی شیئر کرتے ہیں۔

انیل مینن نے حالیہ پوسٹ میں بتایا ہے کہ خلاء میں الٹرا ساؤنڈ کے لیے ایک شخص مشین چلاتا ہے جبکہ دوسرا شخص اس کے کنٹرولز سنبھالتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک ’ریموٹ گائیڈر‘ اور ڈاکٹروں کی ٹیم اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ الٹراساؤنڈ سے درست تصاویر حاصل ہوں۔

 ڈاکٹر ان تصاویر کا فوری تجزیہ بھی کرتے ہیں تاکہ مزید جانچ کی ضرورت ہو تو بر وقت کارروائی کی جا سکے۔

انیل مینن کے مطابق سائنسدانوں اور معالجین کو خدشہ ہے کہ مائیکرو گریویٹی کی وجہ سے خون کے معمول کے بہاؤ میں تبدیلی آ سکتی ہے، جس سے خلاء بازوں میں خون جمنے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انیل مینن کی جانب سے شیئر کیا گیا یہ مظاہرہ اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ خلاء میں خلاء بازوں کی صحت کی نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی، ٹیم ورک اور زمین پر موجود طبی ماہرین کی معاونت کس قدر اہم ہے۔

یہ تجربہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر جاری طبی تحقیق اور خلاء میں خلاء بازوں کی صحت سے متعلق نگرانی کی اہمیت کو بھی نمایاں کرتا ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید