• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایلون مسک امیر ترین امریکی بن گئے، فوربز کی فہرست جاری

---تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

ایلون مسک نے امریکا کے امیر ترین شخص ہونے کے ساتھ دنیا کے پہلے کھرب پتی ہونے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے۔ 

فوربز 400 کی 2026ء کی فہرست کے مطابق ایلون مسک کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 908 ارب ڈالرز ہے، جس کے بعد وہ فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔

فوربز 400 کی 45 ویں سالانہ فہرست کے مطابق امریکا کے 400 امیر ترین افراد کے مجموعی اثاثے ریکارڈ 8 کھرب ڈالرز تک پہنچ گئے ہیں، جو گزشتہ سال 6.6 کھرب ڈالرز تھے۔

ایمازون کے بانی جیف بیزوس 378 ارب ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ الفابیٹ کے لیری پیج 278 ارب ڈالرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

مائیکل ڈیل 263 ارب ڈالرز کے ساتھ چوتھے اور سرگئی برن 256 ارب ڈالرز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

مارک زکربرگ 212 ارب ڈالرز، لیری ایلیسن 204 ارب ڈالرز، جینسن ہوانگ 199 ارب ڈالرز، اسٹیو بالمر 156 ارب ڈالرز اور وارن بفٹ 144 ارب ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ فہرست میں شامل ہیں۔

فوربز کے مطابق اس سال فہرست میں شامل ہونے کے لیے کم از کم 4.4 ارب ڈالرز کے اثاثے درکار تھے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 600 ملین ڈالرز زیادہ ہیں۔

 فوربز نے اس اضافے کی وجہ مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا سینٹرز کے شعبوں میں ترقی کے باعث ٹیکنالوجی کے بانیوں کی دولت میں اضافے کو قرار دیا ہے۔

مصنوعی ذہانت کے انقلاب نے فہرست میں شامل کم عمر ترین ارب پتیوں کی تعداد بھی بڑھا دی ہے۔

اس سال 40 سال سے کم عمر 10 ارب پتی فہرست میں شامل ہیں، جبکہ 2025ء میں یہ تعداد صرف 4 تھی، ان میں سے 7 افراد پہلی مرتبہ فہرست کا حصہ بنے ہیں اور سب کی دولت کا تعلق مصنوعی ذہانت کے شعبے سے ہے۔

اینتھروپک سے تعلق رکھنے والے ڈینیئلا امودی اور ٹام براؤن کے اثاثے 15.5، 15.5 ارب ڈالرز ہیں، اوپن اے آئی کے 37 سالہ گریگ بروک مین 25.5 ارب ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ فہرست میں شامل ہونے والے نئے افراد میں سب سے زیادہ دولت مند ہیں۔

کوگنیشن کے شریک بانی 30 سالہ اسٹیون ہاؤ 5.8 ارب ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ فہرست میں شامل سب سے کم عمر شخص ہیں۔

ریاست فلوریڈا میں جیف بیزوس سب سے زیادہ دولت رکھنے والے فرد ہیں، ان کے بعد اوریکل کے لیری ایلیسن 204 ارب ڈالرز اور انٹرایکٹیو بروکرز کے چیئرمین تھامس پیٹر ففی 107 ارب ڈالرز کے ساتھ نمایاں ہیں۔

میساچوسٹس میں فیڈیلیٹی کی چیف ایگزیکٹیو ابیگیل جانسن 41.6 ارب ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ سب سے زیادہ دولت مند ہیں، جبکہ نیو انگلینڈ پیٹریاٹس کے مالک رابرٹ کرافٹ کے اثاثوں کی مالیت 15.2 ارب ڈالرز بتائی گئی ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید