اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز اور وزیراعظم کی جاپان کمیٹی کے رکن چوہدری آصف محمود نے وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور جاپان کے درمیان دو طرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور نجی شعبوں میں تعاون بڑھانے سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر خان بھی موجود تھے۔
چوہدری آصف محمود نے وزیراعظم کو جاپان میں مقیم پاکستانی برادری کی خدمات، دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کے درمیان روابط اور دو طرفہ تجارت میں اضافے کے امکانات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مختلف مسائل بھی وزیراعظم کے سامنے پیش کیے اور ان کے فوری حل کے لیے ضروری اقدامات کی درخواست کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جاپان میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے، اوورسیز پاکستانیز کی فلاح و بہبود اور پاک جاپان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے چوہدری آصف محمود کی خدمات اور کارکردگی کو سراہا۔ وزیراعظم نے انہیں فوری طور پر شیخ زید اسپتال کے بورڈ آف گورنرز میں شامل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔
ملاقات کے دوران چوہدری آصف محمود نے وزیراعظم کو جاپان کے روایتی ثقافتی گھر کا خوبصورت گولڈ پلیٹڈ ماڈل بطور تحفہ پیش کیا۔ جسے وزیراعظم نے قبول کیا اور اسے قواعد و ضوابط کے مطابق توشہ خانہ میں جمع کرانے کی ہدایت کی۔
ملاقات میں پاکستان اور جاپان کے درمیان اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور عوامی روابط مزید وسعت دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔