• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج تک نہیں بتایا گیا کس آن لائن جوئے سے منسوب کیا جارہا ہے؟ محمد رضوان

محمد رضوان - فوٹو: فائل
محمد رضوان - فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے این سی سی آئی اے کو اپنے جواب میں کہا ہے کہ انہیں آج تک نہیں بتایا گیا کہ انہیں کس آن لائن جوئے سے منسوب کیا جارہا ہے؟

نیشنل سائبر کرائم انوسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے سوال نامے پر محمد رضوان کا جواب جیو نیوز نے حاصل کر لیا۔

محمد رضوان نے اپنے جواب میں بتایا کہ بطور کرکٹر میں نے اپنی اہلیت کے مطابق پاکستانی ٹیم کی خدمت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ 8 ستمبر کو این سی سی آئی اے سے نوٹس ملا، آج تک نہیں بتایا گیا کہ انہیں کس آن لائن جوئے سے منسوب کیا جا رہا ہے؟ نہ ہی متعلقہ وقوعہ اور اس میں میرے کردار کے بارے میں بتایا گیا۔

محمد رضوان نے کہا کہ پیشی کے دوران متعدد بار خود پر لگائے گئے الزامات کی تفصیلات طلب کیں۔ پوچھنے پر بھی مجھ پر لگے الزامات سے متعلق تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

انہوں نے جواب میں کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا اینٹی کرپشن یونٹ کرکٹرز کی کرپشن کا متعلقہ فورم ہے۔ الزامات آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو رپورٹ نہیں کیے گئے۔

محمد رضوان نے جواب میں یہ بھی کہا کہ این سی سی آئی اے کا ایسے کیس کی انکوائری کرنا سمجھ سے باہر ہے۔ ایسی کسی شکایت پر تحقیقات آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کا استحقاق ہے۔

وکٹ کیپر کا کہنا تھا کہ الزامات کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں تاکہ میں انکوائری کا حصہ بن سکوں۔ اگر مجھ پر کوئی ایسے الزام ہیں تو معاملہ کو فوری اے سی یو کو بھجوایا جائے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید