• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی کاروباری شخصیت انگلش فٹبال کلب کا کنٹرول سنبھالیں گے

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) کویتی پاکستانی کاروباری شخصیت معیز احمد مرزا بین الاقوامی تعلیمی کمپنی کے ذریعے انگلینڈ کے نان لیگ فٹبال کلب پلائی ماؤتھ پارک وے ایف سی کا کنٹرول سنبھالنے والے ہیں۔ ان کا منصوبہ ہے کہ اگلی ایک دہائی کے دوران کلب کو انگلش فٹبال لیگ تک پہنچایا جائے۔ لندن میں پلائی ماؤتھ پارک وے ایف سی کی انتظامیہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معیز احمد مرزا نے تصدیق کی کہ کلب کے ساتھ ہیڈز آف ٹرمز پر دستخط ہو چکے ہیں، جس کے بعد کلب کی نئی ملکیتی اور انتظامی ساخت کی جانب منتقلی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ کراچی میں پیدا ہونے والے اور کویت میں مقیم معیز احمد مرزا نے جیو نیوز کو بتایا کہ ان کا مقصد پلائی ماؤتھ پارک وے کو ایک پروفیشنل فٹبال کلب کے طور پر ترقی دینا ہے، تاہم اس کے ساتھ کلب کی موجودہ شناخت اور مقامی کمیونٹی سے اس کے تعلق کو بھی برقرار رکھا جائے گا۔ پلائی ماؤتھ پارک وے کی بنیاد 1988 میں رکھی گئی تھی۔ کلب اپنے ہوم گراؤنڈ بولیتھو پارک میں کھیلتا ہے اور اس وقت انگلش فٹبال کے ساتویں درجے، سدرن لیگ پریمیئر ڈویژن ساؤتھ میں حصہ لے رہا ہے۔ یہ کلب اپنے شہر کے حریف پلائی ماؤتھ آرگائل سے چار ڈویژنز نیچے ہے۔ مرزا نے بتایا کہ ان کے ادارے نے 3 ہزار سے زائد بین الاقوامی طلبہ کی معاونت کی ہے اور دنیا بھر کی 600 سے زائد یونیورسٹیوں کے ساتھ شراکت داری کے روابط قائم کیے ہیں۔ مرزا نے کہا کہ ان کے منصوبوں کے تحت تعلیم اور فٹبال کو یکجا کیا جائے گا۔ ان میں ایسے پروگرام بھی شامل ہوں گے جن کے ذریعے طلبہ کو مسابقتی فٹبال کھیلنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ وہ فٹبال کلب کے انتظامی اور تجارتی امور کے بارے میں بھی سیکھ سکیں گے۔

اہم خبریں سے مزید