• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گریڈ 19 کے بیوروکریٹ کو گریڈ 20 کے ڈی جی صحت کا اضافی چارج

کراچی (بابر علی اعوان) حکومت سندھ نے عدالتی احکامات اور سروس رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گریڈ 19کے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) کے افسر شہریار گل میمن کو گریڈ 20 کی ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز سندھ کی اسامی کا اضافی چارج دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں چیف سیکریٹری سندھ نے پیر 21 ستمبر کو اعلامیہ جاری کر دیا جس کے مطابق شہریار گل میمن، جو ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ برائے پولیو کے کوآرڈینیٹر ہیں، کو اسپیشل سیکریٹری صحت کے اضافی چارج سے فارغ کرکے اپنی موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ ڈی جی ہیلتھ سروسز کا اضافی چارج مزید احکامات تک دے دیا گیا ہے،اس سلسلے میں حکومت سندھ کے موقف کے لیے چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ اور ان کے ترجمان فرحت امتیاز سے رابطہ کیا گیا، تاہم خبر کی اشاعت تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔۔ یاد رہے کہ محکمہ صحت نے مارچ 2021 کے اعلامیے میں سپریم کورٹ کی آئینی پٹیشنز نمبر D-4134/2020 اور 5842/2020 میں دیے گئے احکامات اور SGA&CD کے 24 مارچ 2021 کے خط کا حوالہ دیتے ہوئے محکمہ صحت کے اداروں اور اسپتالوں میں دیے گئے لک آفٹر، ایڈیشنل چارجزاور او پی ایس فوری طور پر منسوخ اور واپس لینے کا حکم دیا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جب عدالت کے احکامات کی بنیاد پر محکمہ صحت خود ایسے اضافی اور لک آفٹر چارجز واپس لے چکا ہے تو موجودہ نوٹیفکیشن ان عدالتی احکامات سے متصادم ہے۔ ان کے مطابق اگر مذکورہ عدالتی احکامات میں اس نوعیت کے انتظامات پر پابندی عائد کی گئی تھی تو گریڈ 19 کے افسر کو گریڈ 20 کی پوسٹ کا اضافی چارج دینا عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ ٹیکنیکل ماہرین کے مطابق سندھ سول سرونٹس (اپائنٹمنٹ، پروموشن اینڈ ٹرانسفر) رولز 1974 کے رول 8-A کے تحت قائم مقام چارج کے لیے متعلقہ کیڈر یا سروس سے تعلق رکھنے والے افسر کی شرط موجود ہے اور ڈی جی ہیلتھ کی پوسٹ ہیلتھ مینجمنٹ کیڈر کے لیے مخصوص ہے۔ جس کی تشکیل محکمہ صحت سندھ نے انتظامی اسامیوں پر تعیناتیوں کے لیے کابینہ کی منظوری سے کی تھی اور اس وقت بھی محکمہ صحت میں ہیلتھ مینجمنٹ کیڈر کے گریڈ 20 کے تیس سے زائد افسران موجود ہیں جو اس اہم اسامی پر تعیناتی کے لیے دستیاب تھے، جبکہ گریڈ 19 کے بھی کئی افسران اس کیڈر میں موجود ہیں اس کے باوجود گریڈ 19 کے ایک بیوروکریٹ کو ڈی جی ہیلتھ کا اضافی چارج دیا گیا۔ واضح رہے کہ روزنامہ جنگ نے ایک ماہ قبل 21اگست کو ڈی جی ہیلتھ کی پوسٹ پر بیوروکریٹ کی ممکنہ تعیناتی کی خبر دی تھی اور 21 ستمبر کے سرکاری نوٹیفکیشن نے جنگ کی خبر درست ثابت کردی، تاہم اب اس تعیناتی کے طریقہ کار پر سروس رولز اور عدالتی احکامات کی روشنی میں سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید