• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان میں مقیم مسلمان قانون، تہذیب و عوامی سہولت کا مکمل احترام کریں: مفتی طارق مسعود

—فوٹو بشکریہ رپورٹر
—فوٹو بشکریہ رپورٹر

معروف عالمِ دین مفتی طارق مسعود نے جاپان میں مقیم مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ جاپانی قوانین، مقامی تہذیب اور عوامی سہولت کا مکمل احترام کرتے ہوئے اپنے حسنِ اخلاق اور بہترین کردار کے ذریعے اسلام کی حقیقی تعلیمات کو اجاگر کریں۔

جنگ اور جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مفتی طارق مسعود نے کہا ہے کہ اسلام نظم و ضبط، صفائی، دیانت، وعدوں کی پاسداری اور دوسروں کے حقوق کے احترام کا درس دیتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ جاپان میں رہنے والے مسلمانوں کی ذمے داری ہے کہ وہ اپنے طرزِ عمل سے ثابت کریں کہ مسلمان پُرامن، قانون پسند اور ذمے دار شہری ہوتے ہیں۔

عالمِ دین نے کہا کہ نماز اور دیگر عبادات مسجد، امام بارگاہ، گھر یا کسی مناسب چار دیواری کے اندر ادا کی جانی چاہئیں، عوامی مقامات، سڑکوں اور پبلک پارکنگ میں نماز کی ادائیگی سے گریز کیا جائے، تاکہ جاپانی شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی یا آمد و رفت میں رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مفتی طارق مسعود نے مساجد اور عبادت گاہوں میں آنے والوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی گاڑیاں مقررہ پارکنگ میں کھڑی کریں اور کسی بھی صورت غلط پارکنگ یا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں۔ 

انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک اسلام کی سب سے مؤثر دعوت مسلمانوں کا اچھا کردار، دیانت داری، نرم گفتگو اور دوسروں کے حقوق کا احترام ہے، جاپان میں مقیم مسلمان اپنے اخلاق و عمل سے جاپانی عوام کے دل جیت سکتے ہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید