لندن (مرتضیٰ علی شاہ) ہائی کمشنر ٹیپو عثمان کا کہنا ہے اوورسیز بھائی پاکستان کے ٹیکس فری زونز میں سرمایہ کاری کریں، ٹیکنالوجی، اے آئی، رئیل اسٹیٹ اور انفرااسٹرکچر میں بڑے مواقع، اپنی مہارت و تجربہ پاکستان کی ترقی کیلئے بروئے کار لائیں، امریکا، سعودی، امارات، چین اور دیگر ممالک کی کمپنیاں ٹیکنالوجی کے شعبے میں دلچسپی کا اظہار کر رہی ہیں، برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنا سرمایہ، مہارت اور تجربہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، رئیل اسٹیٹ، مہمان نوازی اور انفرااسٹرکچر کی ترقی کے شعبوں میں بڑے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ ہائی کمشنر نے یہ بات اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے تاجر مقبول حسین اعوان سے پاکستان ہائی کمیشن میں ملاقات کے بعد کہی۔ ہائی کمشنر نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دینے کے اعوان کے مطالبے کی حمایت اور تائید کی کہ انہیں پاکستان کی ترقی میں زیادہ فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ مقبول حسین اعوان نے کہا کہ وہ ایک بڑے اقدام کے تحت برطانیہ آئے ہیں جس کا مقصد برطانوی کمپنیوں اور پاکستانی کمیونٹی کو پاکستان میں دستیاب سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع سے آگاہ کرنا اور ان سے روابط قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بالخصوص ٹیکس فری زونز، انفرااسٹرکچر کی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، جہاں پاکستان ایک اہم ملک کے طور پر ابھر چکا ہے۔ اعوان نے ہائی کمشنر سے گفتگو میں کہا پاکستان میں بہت زیادہ مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا گروپ اس وقت مالز، ہوٹلز، ٹیکنالوجی زونز اور مختلف نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں سمیت بڑے منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔