• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور: پولیس میں تمام تقرریوں و تبادلوں کا اختیار صوبائی حکومت کے پاس ہوگا، ایکٹ صوبائی کابینہ میں منظور





وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پولیس ایکٹ کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں صوبائی وزراء، آئی جی پی اور چیف سیکریٹری شریک ہوئے، کابینہ اجلاس میں پولیس ایکٹ پر تفصیلی غوروخوض، بحث کی گئی۔

خیبر پختونخوا پولیس ایکٹ 2026 کی کاپی جیو نیوز نے حاصل کر لی۔ ایکٹ کے مطابق آئی جی پی کی تقرری سمیت تمام پولیس افسران کے تبادلوں کا اختیار صوبائی حکومت کے پاس ہوگا۔ جبکہ پولیس حکام کے اختیارات محدود کر دیے گئے ہیں۔

ایکٹ کے مطابق پولیس میں تمام تقرریوں و تبادلوں کا اختیار صوبائی حکومت کے پاس ہوگا، آئی جی کے پی کی تعیناتی کا اعلامیہ صوبائی حکومت جاری کرے گی۔

صوبائی حکومت آئی جی کی کارکردگی سے مطمئن نہ ہو تو وفاق سے مزید نام مانگ سکتی ہے، آئی جی کی غیر موجودگی میں ایڈیشنل آئی جی ہیڈ کوارٹر بطور آئی جی چارج سنبھالیں گے۔

ایس پی، ایس ایس پی اور ایڈیشنل آئی جی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن محکمہ ہیومن ریسورس جاری کرے گا، پولیس پالیسی بورڈ کی صدارت کے اختیارات آئی جی سے وزیر اعلیٰ کو منتقل کیے جائیں گے۔

پولیس کے آپریشنل، مالی اور انتظامی امور کی پالیسیاں بنانے کا اختیار اب وزیر اعلیٰ کے پاس ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید