فرانسیسی ساحل سمندر پر برطانیہ اور فرانس کے درمیان انگلش چینل (رودبار انگلستان) عبور کرنے کیلئے ربر کی کشتیوں کے استعمال کے دوران تارکین وطن کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
تازہ واقعہ کی فرانسیسی پراسیکیورٹرز کی طرف سے ساحلوں پر ہونیوالے حادثات کی تحقیقات کا اعلان کیا گیا ہے۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق تارکین وطن کی کشتی خراب ہونے کے بعد بولون سرمیر کے جنوب میں کیمیئرز کے ساحل پر بھگدڑ مچی اور تقریباً 30 افراد کشتی پر چڑھنے میں کامیاب ہو ئے، مگر ایک شخص کو پانی میں دل کا دورہ پڑ گیا۔
اس شخص کو فوری طبی امداد دی گئی مگر وہ جانبر نہ ہو سکا اسکی شناخت کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق ظاہری شکل وصورت سے وہ افریقی باشندہ معلوم ہوتا ہے۔
بدھ کے روز 781 غیر قانونی تارکین وطن کی بڑی کھیپ برطانیہ پہنچی، جو رواں سال روازانہ کی بنیاد پر آنیوالوں کی سب سے بلند شرح مانی جارہی ہے۔
ادھر شیڈو ہوم سیکریٹری کرس فلپ نے کہا ہے کہ 2024 کے عام انتخابات سے لیکر ابتک 83 ہزار سے زائد افراد چینل عبور کر چکے ہیں۔
ٹوری فرنٹ بینچرنے کہا ہے کہ لیبر حکومت نے پوری فوج کے سائز کی آبادی کو غیر قانونی طور پر چینل عبور کرنے دیا‘ سرحدوں پر کنٹرول ختم ہوتا دکھائی دیتا ہے۔