لندن ( مرتضیٰ علی شاہ) ٹرین میں برٹش پاکستانی خاندان پر نسلی حملہ، پولیس کارروائی سے گریزاں ہے۔ خاتون نے پاکستانی خاندان کو نسلی گالیاں دیں، مشروب پھینکا، حملہ کیا، بچے خوفزدہ ہوگئے، ویڈیو ثبوت موجود ہیں۔تفصیلات کے مطابق تین کم عمر بچوں پر مشتمل ایک برٹش پاکستانی خاندان کو لندن یوسٹن سے بلیچلی جانے والی ٹرین میں دورانِ سفر حیران کن نسلی تعصب، دھمکیوں اور جسمانی حملے کا سامنا کرنا پڑا، واقعے کو تقریباً تین ماہ گزرنے کے باوجود خاندان کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے ہونے والی تحقیقات میں اب تک کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہوئی، کمیونیکیشنز کے شعبے سے وابستہ عریبہ حنیف اپنے شوہر عمر طارق اور تین بچوں، جن کی عمریں نو، سات اور پانچ سال ہیں، کے ہمراہ 11 جولائی کو رات تقریباً 10 بجے لندن یوسٹن سے بلیچلی جانے والی ٹرین میں سوار تھیں، خاندان نے دارالحکومت میں دن گزارنے کے بعد گھر واپسی کے لئے ٹرین پکڑی تھی، عریبہ حنیف کے مطابق تنازع اس وقت شروع ہوا۔