• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وویک اوبرائے کے انداز نے مجھے دکھ پہنچایا تھا: باسکو مارٹس

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

معروف بھارتی کوریوگرافر باسکو مارٹس نے اداکار وویک اوبرائے کے ساتھ ماضی میں ہونے والی ایک گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکار کے انداز نے مجھے اس وقت دکھ پہنچایا تھا۔

باسکو مارٹس نے اپنے یوٹیوب چینل پر وویک اوبرائے کے ساتھ گفتگو کے دوران ماضی کے ایک واقعے کی یاد تازہ کی ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ فلم ’کمپنی‘ کے بعد ’ساتھیا‘ ریلیز ہوئی تو میں نے کافی عرصے بعد وویک اوبرائے کو فون کیا اور ان کے ساتھ ایک گانے پر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

باسکو کے مطابق وویک اوبرائے نے کہا کہ میں ضرور کام کروں گا اور مجھے تخلیقی منصوبہ بندی اور تفصیلات تیار کر کے دینے کا کہا۔

باسکو نے اعتراف کیا کہ اس وقت مجھے وویک کا انداز کچھ مغرورانہ محسوس ہوا اور میں دل برداشتہ ہوا، تاہم بعد میں مجھے احساس ہوا کہ اداکار کی بات درست تھی۔

باسکو مارٹس نے کہا ہے کہ جب کوئی کوریوگرافر کسی ایسے اداکار سے رابطہ کرتا ہے جس نے محنت کر کے ایک مقام حاصل کیا ہو تو اسے پہلے سے یہ سوچنا چاہیے کہ وہ اداکار کو بہترین انداز میں کیسے پیش کر سکتا ہے۔

وویک اوبرائے نے اس موقع پر کام اور ذاتی تعلقات کو الگ رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کام کو دوستی اور ذاتی تعلقات سے الگ رکھنا چاہیے اور پیشہ ورانہ معاملات میں کسی چیز کو معمولی نہیں سمجھنا چاہیے، ورنہ انسان جلد ہی مشکلات کا شکار ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ وویک اوبرائے آخری بار فلم ’مستی 4‘ میں نظر آئے تھے، جو باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کر سکی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید