سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس نے کہا ہے کہ لانگ مارچ سے متعلقہ فیصلہ پی ٹی آئی کا تھا، تحریک تحفظ آئین پاکستان کو صرف آگاہ کیا گیا۔
اسلام آباد میں جیو نیوز سے گفتگو میں علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیا تھا کہ اپنے ایجنڈے کو پورے پاکستان کا ایجنڈا بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ سے متعلق فیصلہ پی ٹی آئی کا اپنا فیصلہ تھا، تحریک تحفظ آئین پاکستان کو پی ٹی آئی نے صرف اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔
اپوزیشن لیڈر سینیٹ نے مزید کہا کہ حزب اختلاف کے اتحاد نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیا تھا کہ امن و امان، معدنیات، صوبوں کے معاملات سب شامل کریں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد ملاقات میں پی ٹی آئی کی لیڈرشپ بھی موجود تھی، ہم نے آخری نشست میں کہا تھا کہ بیانیے کو پورے ملک کا ایجنڈا بنایا جائے۔
علامہ راجا ناصر عباس نے یہ بھی کہا کہ ہم نے کہا تھا صوبوں کے حقوق بلوچستان اور سندھ کے مسائل کو بھی ایجنڈے میں شامل کیا جائے، ہمارا موقف تھا خیبر پختونخوا اور ملک کے معاشی و سیاسی معاملات کو بھی ایجنڈے میں شامل کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں اتنے قیدی نہیں رہے، جو اس وقت پنجاب میں قید ہیں، اس وقت ملک میں مہنگائی ہے، پیٹرول کی قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں۔
اپوزیشن لیڈر سینیٹ نے کہا کہ عوام کے مسائل ہیں غربت بڑھ رہی ہے، ان مسائل کا حل لازم ہے، ہم سب کی طرف سے بولیں تو باقی پوری قوم ساتھ دے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں نا امید نہیں ہوتا اگر ایسے نقاط ہوں تو باقی اپوزیشن بھی ساتھ دے گی، آج نہیں تو کل بالآخر ہمیں اس طرف جانا ہی ہوگا۔