• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حنا جاوید قتل کیس: پنجاب حکومت کی ہائی پاورڈ کمیٹی تشکیل

حنا جاوید---فائل فوٹو
حنا جاوید---فائل فوٹو

حنا جاوید قتل کیس کی تحقیقات کا ازسرِنو جائزہ لینے کے لیے پنجاب حکومت نے ہائی پاورڈ کمیٹی تشکیل دے دی۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ہے، جس کی سربراہی ڈی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کریں گے۔

 کمیٹی میں ڈی آئی جی لاہور شعیب خرم اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن راولپنڈی سیف اللّٰہ بھی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سہیل ظفر چٹھہ کی سربراہی میں کمیٹی رواں ہفتے راولپنڈی کا دورہ کرے گی، جہاں اعلیٰ سطح کی کمیٹی جائے وقوع کا معائنہ کرنے کے ساتھ اب تک ہونے والی تفتیش کا جائزہ لے گی۔

ذرائع کے مطابق حنا جاوید قتل کیس کے فرانزک نمونوں کی رپورٹس راولپنڈی پولیس کو موصول ہو گئی ہیں، جن میں پوسٹ مارٹم رپورٹ کی حتمی رپورٹ بھی شامل ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی جانب سے تشکیل دی گئی ہائی پاورڈ کمیٹی نے حنا جاوید کے اہلِ خانہ سے بھی رابطہ کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ حنا جاوید کو 21 اگست کو ان کے گھر میں قتل کیا گیا تھا، مقتولہ کے شوہر فیصل اصغر اور گھریلو ملازم ذیشان ارشد جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں ہیں۔

حنا جاوید کے اہلِ خانہ نے راولپنڈی پولیس کی تفتیش پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اس حوالے سے پارلیمنٹ کی کاکس کمیٹی اور قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کو بھی خطوط لکھے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید