• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹورنٹو میرا دوسرا گھر، استاد نصرت فتح علی خان کی فیملی یہاں رہتی ہے: راحت فتح علی خان

معروف پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان نے کہا ہے کہ ٹورنٹو میرا دوسرا گھر ہے، استاد نصرت فتح علی خان کی فیملی یہاں رہتی ہے، اُن کی بیگم اس دُنیا میں نہیں ہیں، وہ میری ماں کا درجہ رکھتی تھیں، اُن کی دُعائیں آج بھی میرے ساتھ ہیں۔

راحت فتح علی خان نے ٹورنٹو کے اسکوشیا بینک ایرینا میں ہونے والے اپنے شو میں استاد نصرت فتح علی خان کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور اُن کی فیملی کے ساتھ اپنی یادوں کو تازہ کیا۔

راحت فتح علی خان نے کہا کہ استاد نصرت فتح علی خان کی بیگم ٹورنٹو میں میرے شو کا انتظار کیا کرتی تھیں، ’توں کی جانیں، پیار میرا‘ اُن کا پسندیدہ گیت تھا۔

ٹورنٹو میں راحت فتح علی خان اور اُن کے صاحبزادے شاہ زمان علی خان کے شو میں ہزاروں شائقین نے شرکت کی۔

راحت فتح علی خان نے تکنیکی وجوہات کی وجہ سے شو کچھ تاخیر سے شروع ہونے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ تکنیکی معاملات ہمارے ہاتھ میں نہیں ہوتے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آج آپ کے لیے جذباتی ہوگیا کیونکہ آپ نے آج جتنا انتظار کیا، اس دنیا میں کوئی کسی کا انتظار نہیں کرتا، آپ کا انتظار میرے لیے بڑے معنی رکھتا ہے۔ میں تمام شائقین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

راحت فتح علی خان نے کہا کہ ہم اپنے چاہنے والوں کی وجہ سے آرٹسٹ ہیں۔ ٹورنٹو کے شائقین بڑے پیارے اور عزت کرنے والے ہیں۔ ایسے سُننے والے میں نے نہیں دیکھے۔

شو کے آرگنائزرز واجد ملک اور شیتل پنیسر نے شو کو کامیاب بنانے پر شائقین کا شکریہ ادا کیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید