گردے کی پیوند کاری کے بعد 12 سالہ بچی کی زندگی کا ایک بڑا خواب پورا ہو گیا اور وہ ایک دن کے لیے فلائٹ اٹینڈنٹ بن گئی۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 12 سالہ ٹریشا اونگ کو صرف 4 سال کی عمر میں گردوں کے شدید مسائل کی تشخیص ہوئی اور اس کے بعد بچی کا بچپن اسپتالوں کے چکر، علاج اور مختلف طبی مشکلات میں گزرا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حال ہی میں ٹریشا اونگ کے گردے کی کامیاب پیوند کاری کے بعد اس کی صحت میں بہتری آئی تو ’میک اے وش آسٹریلیا‘ اور ایک ایئر لائن کے ساتھ مل کر اسے اپنی زندگی کے ایک بڑے خواب کو حقیقت میں بدلنے کا یادگار موقع دیا۔
رپورٹ کے مطابق ٹریشا اونگ نے خصوصی طور پر تیار کردہ ایئر لائن کا یونیفارم پہن کر عملے کے ساتھ کام کیا۔
رپورٹ میں بتایا ہے کہ ٹریشا اونگ نے پرواز سے قبل تیاری میں بھی حصہ لیا، مسافروں کا استقبال کیا، حفاظتی ہدایات کا اعلان کیا اور دورانِ پرواز مسافروں کو اسنیکس بھی پیش کیے۔
ایئر لائن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ٹریشا اونگ نے ٹریننگ کے دوران ہر مرحلے کا بھرپور انداز میں لطف اُٹھایا، ان کا یہ خصوصی سفر کمرشل پرواز کے ذریعے ایڈیلیڈ کے لیے تھا، جہاں مسافروں اور ایئر لائن کے عملے نے ان کی حوصلہ افزائی کی۔