کراچی میں سی ویو دو دریا کے قریب کار سے ایک شخص کی گولی لگی لاش ملی ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ مہروز علی کا کہنا ہے کہ لاش میں سینے کے مقام پر ایک گولی لگی ہے، کار سے مقتول کا موبائل فون ملا ہے، اسلحہ نہیں ملا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والا شخص حسن ناظم آباد کا رہائشی اور پراپرٹی کے کام سے وابستہ تھا، مقتول کے بیٹے نے بتایا کہ آج والد کو کلفٹن جانا تھا، گاڑی پر باہر سے گولی کا کوئی نشان نہیں ملا۔
پولیس کے مطابق کرائم سین ٹیم نے موقع سے شواہد حاصل کرلیے، مزید تحقیقات جاری ہے، جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔