کراچی ( سہیل افضل ) ایف بی آر نے ملک بھر کے 85ٹیکس دہندگان کے خلاف 9.41 ارب کے ٹیکس فراڈ اور منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر لیا ،انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن (ان لینڈ ریونیو) کے علاقائی ڈائریکٹوریٹس نے ملک بھر میں 48 فوجداری انکوائریاں شروع کر دی ہیں جبکہ باقی کیسز میں کارروائی جاری ہے، فراڈ کرنے والوں نے اپنی پرانی ویلتھ اسٹیٹمنٹس میں غیر قانونی ترامیم کر کے 9.41 ارب روپے مالیت کے غیر واضح اثاثے اپنی ظاہر شدہ دولت میں شامل کر لیے،تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن (ان لینڈ ریونیو) نے اربوں کے ایک ایسا اسیکنڈل بے نقاب کیا ہے جس کے تحت ٹیکس دہندگان نے اپنی پرانی ویلتھ اسٹیٹمنٹس میں غیر قانونی ترامیم کر کے 9.41 ارب روپے مالیت کے غیر واضح اثاثے اپنی ظاہر شدہ دولت میں شامل کر لیے۔ اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت فوجداری مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید مقدمات کا عمل جاری ہے۔ یہ اسکینڈل ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن (ان لینڈ ریونیو) نے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (پرال) کے تعاون سے ایف بی آر کے ڈیٹا بیس کے تفصیلی تجزیے کے ذریعے بے نقاب کیا۔