سندھ ہائیکورٹ میں امیدواروں کی ایم ڈی کیٹ کے سوالات کے اجرا کی درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے درخواست پر فیصلے تک میرٹ لسٹ کی تیاری روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔
ایم ڈی کیٹ میں مبینہ غلطیوں کے خلاف امیدواروں نے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ درخواست میں پی ایم ڈی سی، وفاقی و صوبائی وزارت صحت، سیبا اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10نومبر تک جواب طلب کرتے ہوئے فیصلہ دیا کہ لسٹ تیار ہونے دیں آپ کا حق بن گیا تو فہرست تبدیل ہو جائے گی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایم ڈی کیٹ میں شریک امیدواروں کو سوالنامے ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ سیبا کی جانب سے جاری کیے گئے جوابات میں واضح غلطیاں موجود ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ میرٹ برقرار رکھنے کےلیے سوالات اور جوابات کی شفاف جانچ ضروری ہے۔ ایم ڈی کیٹ کے مکمل سوالیہ پرچے اور جوابات سرکاری ویب سائٹ پر جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔
امیدواروں کو ماہرین پر مبنی کمیٹی کے سامنے اعتراضات پیش کرنے اور اس پر فیصلے کا حکم دیا جائے اور درخواست کے فیصلے تک میرٹ لسٹ کو حتمی شکل دینے سے روکا جائے۔