پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کے پی حکومت دہشت گردی سے نمٹنے میں کردار ادا کرے اور لانگ مارچ غیر مشروط طور پر ختم کرے۔
بلاول بھٹو زرداری اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔
پشاور سے ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق بلاول بھٹو اور گورنر فیصل کنڈی کے درمیان خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گورنر نے بلاول بھٹو کو خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات پر بریفنگ دی اور ہنگو، ڈی آئی خان، ٹانک اور کوہاٹ میں دہشت گردی کے واقعات سے آگاہ کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گورنر نے افغانستان کے ڈرون مار گرانے سے متعلق بھی بلاول بھٹو کو بریف کیا۔
اس موقع پر بلاول بھٹو نے کہا صوبائی حکومت دہشت گردی اور جنگ کی صورتحال سے نمٹنے میں اپنا کردار ادا کرے، خیبر پختونخوا میں لانگ مارچ غیر مشروط طور پر ختم کیا جائے۔