وزیراعظم اینڈی برنہم کا کہنا ہے کہ لیبر کے انتخابی منشور میں بریگزٹ ریفرنڈم ممکن ہے، مستقبل میں لیبر کے انتخابی منشور میں یورپی یونین پر ایک نئے ان آؤٹ ریفرنڈم کا وعدہ کیا جاسکتا ہے۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کیلئے موجودہ وقت مناسب نہیں ہوگا، لیکن برطانیہ کو یورپی یونین کیساتھ اپنے تعلقات کے لیے ان آپشنز پر غور کرنے کی ضرورت ہے جہاں ہم کافی اچھے نہیں ہیں۔
برطانوی وزیراعظم نے حال ہی میں لیبر کانفرنس کی اپنی تقریر میں سال کے آخر میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں بلاک کے ساتھ قریبی تعلقات تلاش کرنے کا عندیہ دیا۔ ان کا یہ اقدام اگلے عام انتخابات میں ایک بہت بڑی تقسیم کی لکیر قائم کر سکتا ہے۔
دوسری طرف کنزریٹو نے وزیراعظم پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ بریگزٹ کے بعد سالوں کی لڑائی کو دوبارہ شروع کر کے پرانے زخموں کو ہرا کرنیکی کوشش کر رہے ہیں۔
میکر فیلڈ جو ضمنی انتخابات میں امیدوار کے طور پر سامنے آئے تھے نے کہا ہے کہ برنہم نے وعدہ کیا تھا کہ وہ بریگزٹ کے دلائل کو دوبارہ موضوع بحث نہیں بنائیں گے۔
انہوں نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ کیا وہ مئی میں یورپی یونین میں دوبارہ شامل ہونے کے بارے میں تفرقہ انگیز دلائل دوبارہ شروع کرنے جا رہے ہیں۔