• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ مارچ 4 اکتوبر کو ہوگا، اہل کراچی گھروں سے نکلیں: منعم ظفر خان

منعم ظفر خان---فائل فوٹو
منعم ظفر خان---فائل فوٹو 

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اعلان کیا ہے کہ جماعتِ اسلامی 4 اکتوبر کو شاہراہ قائدین پر غزہ مارچ کرے گی جس سے حافظ نعیم الرحمٰن خطاب کریں گے، اہل کراچی سے اپیل ہے کہ بیت المقدس کے لیے گھروں سے نکلیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ 7 اکتوبر کو غزہ پر اسرائیلی حملوں کو 3 سال مکمل ہو جائیں گے، غزہ کو مکمل طور پر ملبے میں تبدیل کر دیا گیا ہے جہاں تعلیمی ادارے اور مساجد بھی محفوظ نہیں رہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر گزرتے دن اہل غزہ ملبے سے اپنے عزیزوں کی لاشیں نکال رہے ہیں، غزہ میں 74 ہزار افراد شہید کیے گئے جن میں 45 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں، پونے 2 لاکھ افراد زخمی ہوچکے ہیں، مغربی کنارے میں بھی لوگوں کو گھروں سے بے گھر کیا جارہا ہے۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ ایران پر حملہ ہوا اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے، ان حملوں کا مقصد خطے میں کسی کو کھڑا نہ ہونے دینا ہے، امریکا اسرائیل کی پشت پناہی کر رہا ہے، یورپ میں لوگ اپنے حکمرانوں سے ان مظالم کے بارے میں سوال کرنے لگے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے صومالیہ میں آپریشن کے دوران 3 پاکستانی یرغمالیوں کی شہادت پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ 

ان کا کہنا ہے کہ ابھی تک وزارتِ خارجہ کی جانب سے کچھ نہیں بتایا گیا، حکومت نے اپنے شہریوں کو تنہا چھوڑ دیا اور ان کے تحفظ کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔

منعم ظفر خان نے یہ بھی کہا کہ ترکیہ نے ایسے ہی ایک واقعے میں اپنے شہریوں کو آزاد کروایا، ہماری حکومت خاموش تماشائی بنی رہی۔

قومی خبریں سے مزید