میر رضا علی کے قتل کیس کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کے لیے بنائے گئے جوڈیشل کمیشن نے تفتیشی افسر کے بیان سے قبل جائے وقوع کا دورہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
کمیشن نے فوکل پرسن سندھ حکومت کو انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے تفتیشی افسر اور میر رضا کے اہلِ خانہ کو جائے وقوع پر پہنچنے کی ہدایت کر دی۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ جائے وقوع کا جائزہ کمیشن کی رپورٹ مین سفارشات مرتب کرنے میں اہم ثابت ہو گا، ڈی ایس پی سراج لاشاری اور سی پی ایل سی نمائندے کا بیان 7 اکتوبر کو ریکارڈ کیا جائے گا۔
جوڈیشل کمیشن نے کہا ہے کہ پولیس نے مشکوک گاڑیوں کے نکتے پر بہت کم کام کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ کابینہ نے میر رضا علی کے قتل کیس کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کے لیے بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کی مدت میں توسیع کی منظوری دی تھی۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا تھا جس میں کمیشن کی مدت 15 اکتوبر تک بڑھا دی گئی تھی۔
کابینہ کو بریف کیا گیا تھا کہ کمیشن نے اب تک وسیع پیمانے پر کارروائی کی ہے، درجنوں گواہوں کے بیانات قلم بند کیے جا چکے ہیں۔