مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا اس وقت لاوارث صوبہ ہے، جہاں حکومت کی کوئی رٹ نہیں، حالات بد سے بدتر ہو رہے ہیں، صوبہ دہشت گردی سے دو چار ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اسلام آباد پر دھاوا بولنے کے در پے ہے، خیبر پختون خوا حکومت کو عوام کے مسائل کا احساس ہے نہ کوئی سنجیدگی، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا اپنی ذمے داریاں چھوڑ کر دھرنوں اور احتجاج میں سرگرم ہیں۔
امیر مقام کا کہنا ہے کہ صوبے کے عوام دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں اور وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا لاہور کی سڑکوں پر ویڈیوز بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر دہشت گردی خیبر پختون خوا میں پنجے گاڑھ رہی ہے تو پورے ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے، آپ نے دہشت گردوں کے خلاف آج تک ڈٹ کر بات نہیں کی۔
افواجِ پاکستان ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہی ہیں، صوبائی حکومت کو احتجاجی سیاست کے بجائے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔