• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے تھر کول فیز 3 کا افتتاح کر دیا

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو---فائل فوٹو
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو---فائل فوٹو

چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے تھر کول فیز 3 کا افتتاح کر دیا۔

تھر میں نے تھرکول فیز 3 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے نئے صوبوں کے قیام پر وفاقی وزراء کے بیانات کو سمجھ سے بالاتر قرار دے دیا۔

 انہوں نے کہا ہے کہ سسٹم ناکام ہونے کا بیانیہ بنا کر نئے صوبے بنانے کی منطق سمجھ نہیں آتی۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تھر میں جو تبدیلی دیکھی ہے، وہ پورے پاکستان میں نظر نہیں آتی، تھر میں ہر لحاظ سے ترقی ہوئی ہے اور پورا پاکستان حیران ہے کہ تھر کہاں پہنچ گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ تھرپارکر ملک کے نظام، آئین اور 18 ویں ترمیم کی سب سے بڑی مثال ہے، تھر بلاک ٹو میں پہلے 600 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی تھی، اب 2 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے ماہرین کہتے تھے کہ تھر کا کوئلہ بے کار ہے اور اس میں سرمایہ کاری بھی بے فائدہ ہو گی، لیکن آج تھر کے بچے امتحانات میں ٹاپ کر رہے ہیں، پورے ملک کو انہیں مبارکباد دینی چاہیے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کراچی میں نفرت کی سیاست کرتی ہے، تھر کے بچے ٹاپ کرتے ہیں لیکن ان کی تعریف کرنے کے بجائے نفرت کی سیاست کی جاتی ہے، کچھ لوگوں کو تھر کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اسلام آباد کو بھی تھر کی طرح چلنا چاہیے، تھر کے کوئلے کی وجہ سے ملک کا 1.6 ارب ڈالرز کا زرِ مبادلہ بچ رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر ہمیں اسلام آباد کی ذمے داری دی جائے تو ہم دکھائیں گے کہ تھر کے بچے اور لوگ کیا کچھ کر سکتے ہیں، اسلام آباد ناکام ہو چکا ہے تو اسے تھر والوں کے حوالے کر دینا چاہیے، ہم اسلام آباد کے بچوں کو بھی ٹاپ کرائیں گے اور اسپتال بہتر بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ منطق سمجھ نہیں آتی کہ نظام ناکام ہو گیا تو نئے صوبے بنائے جائیں، تھر کو صوبہ بنانے کی منطق بھی سمجھ نہیں آتی، کراچی میں سیاسی یتیموں کی جماعت صہیونیوں کی سیاست کرتی ہے، سندھ میں صہیونیت کی سیاست لانے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ دنیا میں کھاد کا بحران ہے، تھر کے کوئلے سے متعلق منصوبہ تیزی سے مکمل کیا جائے، کراچی میں بھی پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے ذریعے ترقیاتی کام کرنا چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے لیے پورے پاکستان کو دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ تھر کے نوجوانوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ مواقع ملنے پر بہت کچھ کر سکتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید