جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی کی منظوری سے یونیورسٹی کے فزیکل انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جسے عمارتوں، کلاس رومز، لیبارٹریوں، دفاتر، سڑکوں، راستوں اور دیگر سہولتوں کی موجودہ صورتِ حال کا جائزہ لے کر ترجیحات اور تخمینی اخراجات کے ساتھ مرحلہ وار بحالی منصوبہ 30 روز میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رجسٹرار جامعہ کراچی کی جانب سے 5 اکتوبر کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ فیکلٹی کے ڈین کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے، جبکہ متعلقہ شعبوں کے چیئرپرسنز، شعبۂ انجینئرنگ کے نمائندے سہیل احمد صدیقی، شعبۂ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے نمائندے انجینئر عارف صلاح الدین اور کیمپس سیکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر محمد معیز خان ارکان میں شامل ہیں۔
ڈپٹی رجسٹرار (جنرل ایڈمنسٹریشن) سید فرماں رسول کمیٹی کے رکن و سیکریٹری ہوں گے۔
کمیٹی عمارتوں، تدریسی کمروں، لیبارٹریوں، دفاتر، سڑکوں، گزرگاہوں، یوٹیلیٹیز اور دیگر بنیادی سہولتوں کی موجودہ حالت کا جائزہ لے گی، وہ فیکلٹی کے لحاظ سے جگہ کی تقسیم اور استعمال کا بھی جائزہ لے کر دستیاب جگہ اور وسائل کے بہتر استعمال کے لیے سفارشات مرتب کرے گی، جن مقامات پر فوری مرمت، تزئین و آرائش، بحالی یا ازسرِنو تعمیر درکار ہو، ان کی نشاندہی کر کے ترجیحات طے کی جائیں گی۔
نوٹیفکیشن میں کمیٹی کو جامعہ کی توانائی کی ضروریات، بجلی کے استعمال اور موجودہ پاور انفرااسٹرکچر کا جائزہ لینے کی ذمے داری بھی دی گئی ہے۔
کمیٹی توانائی کی بچت، کھپت میں کمی اور اخراجات گھٹانے کے اقدامات تجویز کرنے کے ساتھ سولر انرجی اور دیگر قابلِ تجدید توانائی کے ذرائع کے امکانات بھی دیکھے گی۔
کمیٹی لان، باغات اور دیگر کھلی جگہوں کا جائزہ لے کر شجرکاری، آبپاشی، لینڈ اسکیپنگ اور کیمپس کی خوبصورتی کے لیے تجاویز دے گی، متعلقہ شعبوں کے سابق طلبہ کو متحرک کر کے انفرااسٹرکچر کی بہتری میں ان کی شرکت کے امکانات تلاش کرنا بھی اس کے دائرۂ کار میں شامل ہے۔
کمیٹی کو واضح ترجیحات، تخمینی لاگت، درکار وسائل اور تکمیل کے اوقات پر مشتمل مرحلہ وار فزیکل انفرااسٹرکچر بحالی منصوبہ تیار کرنے کے علاوہ عمارتوں اور کیمپس کی سہولتوں کی باقاعدہ دیکھ بھال، توانائی کے انتظام، سیکیورٹی اور پائیدار استعمال کے لیے اقدامات تجویز کرنے کی ذمے داری سونپی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی اپنی فیکلٹی وار جائزہ رپورٹ اور جامع بحالی منصوبہ جاری ہونے کے 30 روز کے اندر وائس چانسلر کو پیش کرے گی، شعبۂ انجینئرنگ اور پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ شعبۂ تکنیکی معاونت، اخراجات کے تخمینے، منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں مدد فراہم کریں گے، تمام متعلقہ دفاتر اور شعبوں کو ریکارڈ، معلومات، تکنیکی معاونت اور جامعہ کے احاطے تک رسائی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کمیٹی کی سفارشات اور مجوزہ منصوبے وائس چانسلر اور متعلقہ مجاز قانونی اتھارٹی کی منظوری سے مشروط ہوں گے، نوٹیفکیشن فوری طور پر نافذ العمل کر دیا گیا ہے۔