صوبوں، اسلام آباد اور کنٹونمنٹ میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کا اجلاس ہوا۔
الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق کمیشن، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کروانے کیلئے تیار ہے، پنجاب حکومت کو ڈرافٹ الیکشن شیڈول بھیج دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق پنجاب حکومت سے ڈی آر او، آر او اور اسسٹنٹ آر او کی فہرستیں مانگ لی ہیں۔ پنجاب حکومت جلد ازجلد ڈرافٹ الیکشن شیڈول پر ردعمل دے۔
الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کیلئے حلقہ بندی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ وفاقی دارالحکومت ترمیمی آرڈیننس 2026 کی میعاد ختم ہوچکی ہے۔
الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، آرڈینینس کے مطابق قانون سازی کی منظوری قائمہ کمیٹی دے چکی ہے۔
الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق منظوری کے مطابق قانون سازی کا عمل فوری طور پر مکمل کیا جائے، قانون سازی نہیں کی جاتی تو اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے مطابق الیکشن ہوگا۔
الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق الیکشن کمیشن نے تمام کنٹونمنٹس میں حلقہ بندی کا عمل مکمل کرلیا، الیکشن کمیشن کنٹونمنٹس میں انتخابات کروانے کیلئے تیار ہے۔
الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کو کنٹونمنٹس میں انتخابات کروانے کی درخواست کرنی ہے، تاہم یاد دہانیوں اور چیف الیکشن کمشنر کے وزیراعظم کو خط پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔
الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق کنٹونمںٹ انتخابات کا ایک حتمی خط وزارت دفاع کو لکھا جائے گا، اگر وزارت دفاع سے خاطر خواہ جواب نہ ملا تو الیکشن کمیشن خود فیصلہ کرے گا۔
حکام کے مطابق خیبر پختونخوا کے 23 اضلاع میں حلقہ بندی کا عمل مکمل کر دیا جبکہ 7 میں جاری تھا۔ اس دوران صوبائی حکومت نے خیبر پختونخوا لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2023 میں ترمیم کردی۔
الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کو کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی معاونت کرے، خیبر پختونخوا حکومت کے کوئی اقدام نہ اٹھانے پر کیس الیکشن کمیشن میں زیرسماعت ہے۔
الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق اس سلسلے میں الیکشن کمیشن مناسب فیصلہ کرے گا، بلوچستان میں بلدیاتی اداروں کی معیاد 8 فروری 2027 کو ختم ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد وفاقی آئینی عدالت کے حکم کے باوجود نہیں ہوسکا۔ الیکشن کمیشن نے عدالتی حکم کے مطابق حلقہ بندی کا عمل 21 مئی 2026 کو مکمل کرلیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق بلوچستان حکومت نے کوئٹہ کو 2 اضلاع میں تقسیم کردیا جس کی حدبندی کا ڈیٹا نہیں دیا گیا، بلوچستان حکومت کا اس سلسلے میں ردعمل بالکل سُست ہے۔
اعلامیہ کے مطابق بلوچستان حکومت کو لکھیں گے کہ کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے قانون سازی فوری مکمل کرے۔ الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے بروقت انعقاد کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔