مکہ دفاعی اتحاد کے اجلاس میں سعودی عرب میں ضروری فوجی قوت اور دفاعی صلاحیتیں فوری تعیناتی کیلئے فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے نمائندوں نے شرکت کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کو 3 سال کے لیے مکہ دفاعی اتحاد کا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کردیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ، سعودی عرب کی سلامتی کے خلاف کسی بھی حملے یا دھمکی کو مسترد کرتے ہیں، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش اور سعودی شہروں پر حملوں کی مذمت کی گئی۔
اجلاس میں اجتماعی دفاعی وعدوں پر فوری عملی پیش رفت کا فیصلہ بھی کیا گیا، تینوں ممالک نے اجتماعی دفاعی صلاحیت، فوجی انضمام اور خطرات سے نمٹنے کی استعداد بڑھانے پر اتفاق کیا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی سلامتی اجتماعی سلامتی کا لازمی حصہ ہے، تینوں ممالک نے اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے متحد اور پرعزم رہنے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ اجلاس میں سعودی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور تیاری کو بھی سراہا گیا۔