اسلام آباد (اعزاز سید) برطانوی وزیر کا پاکستان میں تعلیمی شراکت داری کیلئے 3 لاکھ پاؤنڈ گرانٹ کا اعلان، برطانیہ کی 100 تک جامعات پاکستانی اداروں کے ساتھ تعاون کر سکتی ہیں، برطانوی وزیر مملکت۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر مملکت اسٹیفن ڈاؤٹی نے پاکستان میں بین الاقوامی تعلیمی اقدامات کے لیے مزید 3 لاکھ پاؤنڈ کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ، برطانوی اور پاکستانی تعلیمی اداروں کے درمیان تعلیمی شراکت داری کو نمایاں طور پر وسعت دینا چاہتا ہے۔ پاکستان کے اپنے پہلے دورے کے موقع پر دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاؤٹی نے کہا کہ ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہوں نے وزرا، ارکانِ پارلیمنٹ اور دیگر حکام سے تعلیم سمیت دوطرفہ تعاون کے وسیع تر امور پر مفید اور نتیجہ خیز ملاقاتیں کیں۔