کراچی ( سہیل افضل)افغانستان کے قونصل جنرل برائے کراچی سید عبدالجبار ٹھاکری نے کہا ہے کہ پاک افغان بارڈر ایک سال سے بند ہے ، دونوں طرف کے ہزار روں چھوٹے تاجر بے روز گار اورتجارت کو اربوں روپے کا نقصان ہو چکاہے ، دیکھنا ہے کہ ہمیں لڑا کون رہاہے اور اس میں کس کا فائدہ ہے،دیرینہ تعلقات بحال ہونے چاہئیں، مسئلہ حل کرانے کے لئے ایف پی سی سی آئی اور اسلامک چیمبر اپنا کردارادا کریں ۔ ان خیالات کا اظہارانھوں نے ایف پی سی سی آئی کے زیر اہتمام اسلامک اکنامک سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، فیڈریشن ہائوس میں منعقدہ اس کانفرنس میں اسلامی ممالک کے قونصل جنرل ،اسلامک چیمبر کے نمائندوں اور کاروباری برادری کے نمائندہ افراد نے شرکت کی ، افغان قونصل جنرل نے کہا کہ پاک افغان بارڈر بندش کے فیصلےسے اطراف کے ہزاروں لوگ بھوک کا شکار ہیں، مسلمان تو ایک جسم کی ماند ہیں ،آپ کا ہمسایہ اگر بھوکا ہے تو آپ کو اس کا جواب دینا پڑے گا،افغانستان اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں یہ بحال ہو نے چاہئیں،محبت اورکا تعلق واپس آنا چاہئے،تجارت بحال ہونی چاہئے ،دونوں بھائی ہیں ایک دوسرے کے دوست ہیں ،بیٹھ کر بات کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں،جنگ کے بعد بیٹھ کر بات کرنے سے ہی حل نکلے گا۔
kk