• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد، لاہور میں غیر قانونی کال سینٹرز پر چھاپوں میں 42 ملزمان گرفتار

اسلام آباد اور لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 42 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر سائبر کرائم کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں نجی ہوٹل کے قریب ایک غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپہ مارا گیا، جہاں کارروائی کے دوران 33 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ گرفتار ملزمان غیرملکی شہریوں کا ڈیٹا چوری کرکے بینک فراڈ میں ملوث تھے۔

کارروائی کے دوران کال سینٹر سے لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد کیے گئے جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب این سی سی آئی اے لاہور سرکل نے بین الاقوامی فراڈ میں ملوث ایک غیر قانونی کال سینٹر پر کارروائی کی۔ ملزمان ٹیلی کام کمپنی کے نمائندے بن کر برطانوی شہریوں سے فراڈ کرتے تھے۔

کارروائی میں 9 ملزمان کو گرفتار کرکے 5 لیپ ٹاپ اور 10 موبائل فونز برآمد کیے گئے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ سائبر کرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا۔

قومی خبریں سے مزید