• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیکیورٹی خدشات: امریکی گلوکارہ ایلا لینگلی نے کنسرٹ منسوخ کر دیا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

امریکی گلوکارہ ایلا لینگلی نے امریکی شہر ٹلسا میں عین وقت پر اپنا کنسرٹ منسوخ کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 27 سالہ ایلا لینگلی نے گزشتہ روز (جمعہ 9 اکتوبر کو) کنسرٹ منسوخ کرنے کی وجہ سنگین سیکیورٹی خطرہ بتایا ہے۔

اس حوالے سے انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں لکھا ہے کہ میرے مداحوں، وینیو کے عملے اور میری ٹیم کی حفاظت سے متعلق سیکیورٹی کے سنگین خطرے کے پیشِ نظر کنسرٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ انتہائی مشکل تھا۔

ایلا لینگلی نے کہا ہے کہ میں کسی کو بھی خطرے میں ڈالنا نہیں چاہتی، میں جانتی ہوں کہ مداح کسی شو میں شرکت کے لیے کتنا وقت، سفر اور پیسہ خرچ کرتے ہیں، ایسے تمام لوگوں سے معذرت کرتی ہوں۔

بعد ازاں انتظامیہ نے ٹکٹ لینے والے مداحوں سے معذرت کر لی۔

دوسری جانب مقامی پولیس اس معاملے کو دوسری نظر سے دیکھ رہی ہے۔

پولیس کے مطابق وینیو کی انتظامیہ کو کنسرٹ منسوخ کرنے کا نہیں کہا گیا تھا، یہ فیصلہ غالباً گلوکارہ کی ٹیم نے کیا تھا۔

پولیس کے مطابق حکام کو جمعے کی صبح ایک فون کال موصول ہوئی تھی جس میں کنسرٹ کے دوران نقصان پہنچانے کی دھمکی دی گئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز فون کال کے بعد کنسرٹ سے پہلے اس جگہ کی تلاشی اور 2 مرتبہ چیکنگ کی گئی اور وہاں مزید سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے گئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کنسرٹ کی جگہ پر کوئی خطرہ موجود نہیں تھا، دھمکی آمیز کال جھوٹی اور افراتفری پھیلانے کی کوشش تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید