• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: کےفور منصوبہ، ساڑھے 71 ارب سے نئی مین لائنیں بچھانے کا کام شروع کرنے کا ہدف مقرر

کراچی میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے کےفور آگمینٹیشن منصوبے کے تحت 71 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے نئی مین لائنیں بچھانے کا کام جنوری یا فروری 2027ء میں شروع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

منصوبے کے تحت 111 کلومیٹر طویل مرکزی لائن اور 96 اور 72 انچ قطر کی پائپ لائنیں تعمیر کی جائیں گی جبکہ آر ون، آر ٹو اور آر تھری لائنوں کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں تک یومیہ 260 ملین گیلن پانی پہنچانے کی گنجائش ہوگی۔

دستاویزات کے مطابق 71 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے منصوبے پر کام جنوری یا فروری 2027 میں شروع کرنے کا ہدف ہے جبکہ لائنیں بچھانے کا کام 22 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔

منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 111 کلومیٹر طویل مرکزی لائن تعمیر ہوگی، جس کی گنجائش 650 ملین گیلن یومیہ مقرر کی گئی ہے۔

آر ون، آر ٹو اور آر تھری لائنوں کے ذریعے 260 ملین گیلن یومیہ پانی کی فراہمی ممکن ہوگی، آر ون لائن ریزروائر ون سے وائی جنکشن تک 27 اعشاریہ 6 کلومیٹر طویل ہوگی اور اس سے 65 ملین گیلن یومیہ پانی پہنچایا جائے گا۔

آر ٹو لائن کے ذریعے یونیورسٹی روڈ، لیاقت آباد اور گل بائی سمیت مختلف علاقوں کو 130 ملین گیلن یومیہ پانی فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔

آر تھری لائن ریزروائر تھری سے بنارس تک 28 اعشاریہ 5 کلومیٹر طویل ہوگی، جس سے 65 ملین گیلن یومیہ پانی پہنچایا جائے گا، منصوبے کے لیے سڑکوں، ریلوے لائنوں اور نالوں کی کراسنگز بھی تعمیر ہوں گی۔

حکام کے مطابق بیک وقت 1 سے 3 کلومیٹر تک سڑک کھودی جا سکتی ہے، منصوبہ واپڈا مکمل کرے گا جبکہ عالمی بینک اور ایشیائی انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک 40، 40 فیصد اور سندھ حکومت 20 فیصد فنڈز فراہم کرے گی۔

کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی ٹو کی نظرثانی شدہ تکمیل دسمبر 2030 مقرر ہے، جس کی لاگت 600 ملین امریکی ڈالر ہے۔

قومی خبریں سے مزید