• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ، ستمبر میں ہاؤسنگ مارکیٹ جمود کا شکار، قیمتیں بڑھنے کا سلسلہ رک گیا

برطانیہ میں ستمبر کے دوران ہاؤسنگ مارکیٹ جمود کا شکار رہی اور ملک کے بیشتر علاقوں میں مکانات کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ رک گیا۔

ماہرین کے مطابق مارگیج کی بلند شرح، قرض لینے کی بڑھتی ہوئی لاگت اور معاشی غیر یقینی صورتحال کے باعث خریدار محتاط ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں نہ صرف خرید و فروخت کی رفتار سست پڑ گئی ہے بلکہ فوری فروخت کے خواہش مند مالکان کو اپنی طلب کردہ قیمتوں میں بھی کمی کرنا پڑ سکتی ہے۔

جائیداد کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ گھروں کی بنیادی طلب بدستور موجود ہے، تاہم مہنگے مارگیج، بلند شرحِ سود اور مستقبل میں مزید اضافے کے خدشات کے باعث بہت سے افراد نے گھر خریدنے کا فیصلہ مؤخر کر دیا ہے۔

ملک بھر میں صورتحال یکساں نہیں، لندن اور جنوب مشرقی انگلینڈ میں مکانات کی قیمتوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے جبکہ شمالی انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں قیمتوں میں نسبتاً اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ماہرین کے مطابق مہنگی مارگیج شرح کا سب سے زیادہ اثر پہلی مرتبہ گھر خریدنے والوں اور ان افراد پر پڑ رہا ہے، جن کے موجودہ فکسڈ ریٹ مارگیج معاہدے ختم ہو رہے ہیں اور انہیں نئی، زیادہ شرح سود پر قرض کی تجدید کرنا ہوگی۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر شرح سود بلند رہی تو آنے والے مہینوں میں ہاؤسنگ مارکیٹ پر دباؤ برقرار رہنے کا امکان ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید