ہوم آفس کے انٹرویوز سے بچنے کےلیے پناہ کے متلاشیوں کی طرف سے آن لائن بیماری کے نوٹس خریدنے کا انکشاف ہوا ہے۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق مبینہ طور پر پناہ کے متلاشی اپنے دعوے کے بارے میں انٹرویوز سے بچنے کیلئے اس حربے کو استعمال کر رہے ہیں تاکہ انٹرویوز کو 6 ماہ تک موخر کرانے میں کامیاب ہو سکیں، اس عمل سے انہیں اپنے دعوے کےلیے وقت اور قیام دونوں کی سہولت مل سکتی ہے۔
ایک ہوم آفس میو میں اس امر کا جائزہ لیاگیا ہے کہ مختلف فائلز میں ایک ہی قسم کے جی پی سک نوٹس شامل کیے جا رہے ہیں، جو ہوم ٹو لیب نامی ویب سائٹ سے 44 پاؤنڈ میں خریدے جا رہے ہیں، یہاں جی پی اپوائنٹمنٹ کی ضرورت نہیں ہے آپ صرف بیماری کی تفصیل فراہم کرتے ہیں اور اسی دن اسے منظور کر لیا جاتا ہے۔
دعویداروں کی طرف سے ان نوٹس کو خرید کر انٹریوز کے لیے مزید وقت حاصل کیا جا رہا ہے، ان نوٹس کو پناہ کے دعویدار انٹرویو سے ایک یوم قبل یا اسی دن بھی جمع کرا تے ہیں، جس پر انہیں نہ کوئی جرمانہ ادا کرنا پڑتا ہے بلکہ وہ انٹرویو سے بھی بچ جاتے ہیں۔