لندن/نیویارک (مرتضیٰ علی شاہ) پاکستانی فلمی اداکارہ میرا نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ کینیڈا کے امیگریشن حکام نے نیاگرا بارڈر پر انہیں روک کر ملک میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا، جس کے بعد انہیں واپس امریکا بھیج دیا گیا۔ میرا، جن کا اصل نام سیدہ ارتضیٰ رباب ہے، ایک شو میں شرکت کے لیے نیویارک سے کینیڈا جا رہی تھیں، تاہم امیگریشن حکام نے انہیں سرحد پر روک لیا۔ انہیں کئی گھنٹوں تک پوچھ گچھ کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد واپس امریکا بھیج دیا گیا۔ اداکارہ اس سے قبل کیلگری کا دورہ بھی کر چکی ہیں، جہاں انہوں نے اپنی فلم ’سائیکو‘ کی تشہیر کی اور اسٹیج پر پرفارم بھی کیا۔ تاہم، امیگریشن حکام کی جانب سے حالیہ کارروائی کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ میرا کو بیرونِ ملک امیگریشن سے متعلق مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ اس سے قبل برطانوی امیگریشن حکام نے انہیں برطانیہ میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا اور ان پر 10 سال کے لیے برطانیہ میں داخلے کی پابندی عائد کر دی تھی۔