گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹو ممبر علی آصف مغل نے کہا ہے کہ جاپان میں مقیم پاکستانی اپنے ملک میں سرمایہ کاری کریں، جہاں مختلف شعبوں میں منافع کے مواقع کئی ممالک سے زیادہ ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے اعزاز میں منعقدہ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عشائیے کا اہتمام معروف پاکستانی سیاسی و کاروباری شخصیت چودھری اکرام نے کیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی کاروباری، سیاسی اور سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
علی آصف مغل نے کہا کہ اوور سیز پاکستانی اپنے تجربے، سرمائے اور بین الاقوامی کاروباری روابط کے ذریعے پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، پاکستان اور جاپان کے دوستانہ تعلقات کو تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بروئے کار لانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جاپان میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کے درمیان رابطے مضبوط بنانے اور مشترکہ کاروباری مواقع تلاش کرنے میں مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔
میزبان چودھری اکرام نے علی آصف مغل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اوور سیز پاکستانی ترسیلات زر اور سرمایہ کاری کے ذریعے ملکی معیشت کو سہارا فراہم کر رہے ہیں، جاپان میں کامیاب کاروبار کرنے والے پاکستانی وطن میں بھی مختلف شعبوں میں سرمایہ لگا رہے ہیں، جس سے روزگار اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی ملاقاتیں کاروباری روابط مضبوط بنانے کا ذریعہ ہیں۔
تقریب میں شریک کمیونٹی ارکان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔