• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نانا پاٹیکر نے کس اداکارہ سے بریک اپ کو مشکل دور قرار دیا تھا؟

نانا پاٹیکر—فائل فوٹو
نانا پاٹیکر—فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف آنجہانی اداکار نانا پاٹیکر کی موت کے بعد ان کا اداکارہ منیشا کوئرالہ کے لیے دیا گیا جذباتی بیان ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔

9 اکتوبر کو سینئر اداکار نانا پاٹیکر کا گوا میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔

ان کے انتقال کے بعد فلم ہیرا منڈی کی اداکارہ منیشا کوئرالہ نے بھی انسٹاگرام پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

منیشا کوئرالہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ایک عظیم اداکار کے انتقال پر مجھے گہرا دکھ ہے، سنیما کے لیے ان کی خدمات اور اپنے فن سے ان کی لگن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

دونوں فنکار 1990ء کی دہائی میں بالی ووڈ کی مقبول ترین جوڑی میں شمار ہوتے تھے۔

منیشا کوئرالہ سے علیحدگی نے نانا پاٹیکر کو گہرا متاثر کیا تھا، بریک اَپ کے بعد ایک انٹرویو میں وہ منیشا کے ساتھ اپنے تعلقات کا ذکر کیے بغیر نہ رہ سکے تھے۔

ایک انٹرویو کے دوران نانا پاٹیکر نے منیشا کو یاد کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے اس علیحدگی کو اپنی زندگی کا ایک مشکل دور قرار دیا تھا۔

1997ء میں دیے گئے ایک انٹرویو میں آنجہانی اداکار نے کہا تھا کہ یہ ایک انتہائی مشکل دور ہے، اس درد کو سمجھنے کے لیے خود اس کیفیت سے گزرنا پڑتا ہے، میں جن تکالیف سے گزرا، انہیں بیان کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، براہِ کرم اس موضوع پر بات نہ کریں، مجھے منیشا کی یاد آتی ہے۔

منیشا کی فنکارانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے نانا پاٹیکر نے کہا تھا کہ منیشا میں پیدائشی صلاحیت ہے، وہ اپنے اردگرد موجود اداکاراؤں میں سب سے زیادہ حساس ہیں، وہ کستوری ہرن کی مانند ہیں، جنہیں ابھی یہ احساس ہونا باقی ہے کہ انہیں کسی کے ساتھ مقابلہ کرنے یا کسی کی رفتار سے چلنے کی ضرورت نہیں، ان میں سب کچھ موجود ہے اور یہی کافی سے بڑھ کر ہے۔

واضح رہے کہ نانا پاٹیکر اور منیشا کوئرالہ نے فلم خاموشی اور اگنی ساکشی سمیت متعدد فلموں میں ایک ساتھ کام کیا تھا، دونوں فلم یوگ پرش کی شوٹنگ کے دوران ایک دوسرے سے الگ ہو گئے تھے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید