• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ، ریبیز سے ایک اور ہلاکت، ویکسین کی 4 خوراکیں لینے کے باوجود گھر کا مریض دم توڑ گیا

کراچی (بابر علی اعوان) سندھ میں ریبیز سے ایک اور ہلاکت رپورٹ ہوگئی ہے جس کے بعد رواں سال صوبے میں ریبیز سے ہلاکتوں کی تعداد 38 ہوگئی ہے۔ پیر کو انڈس اسپتال کراچی میں ریبیز سے متاثرہ تھرپارکر کے 38سالہ نعمت اللہ کا انتقال ہوگیا۔ انڈس اسپتال کے ترجمان کے مطابق ضلع تھرپارکر کی تحصیل ڈپلو کے علاقے نوہڑیو کے رہائشی نعمت اللہ کو تقریباً ڈھائی ماہ قبل کتے نے کاٹا تھا، جس کے بعد اسے ٹی ایچ کیو اسپتال ڈپلو میں 25 جولائی سے 8اگست 2026کے دوران ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین کی چار خوراکیں دی گئی تھیں، تاہم ریبیز کی علامات ظاہر ہونے پر اسے 7اکتوبر کو انڈس اسپتال کراچی میں داخل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔ اسپتال حکام کے مطابق ابتدائی طبی امداد کے دوران زخم کی مناسب صفائی نہ کیے جانے کی نشاندہی بھی ہوئی ہے، جبکہ واقعے کی اطلاع محکمہ صحت سندھ اور چیف سیکریٹری آفس کو دے دی گئی ہے۔ انڈس اسپتال انتظامیہ کے مطابق رواں سال جنوری سے اب تک کتے کے کاٹنے کے 15ہزار سے زائد کیسز اسپتال لائے جاچکے ہیں۔ اس سے قبل بھی کراچی کے مختلف اسپتالوں میں ریبیز سے متعدد ہلاکتیں رپورٹ ہوچکی ہیں، جن میں انڈس اسپتال کراچی میں 28، انڈس اسپتال بدین میں ایک اور جناح اسپتال کراچی میں 8 اموات شامل تھیں، جبکہ سندھ میں رواں سال ریبیز سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد پہلے ہی 37 رپورٹ کی جاچکی تھی۔

اہم خبریں سے مزید