• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر داخلہ محسن نقوی کی روسی ہم منصب ولادیمیر کولوکولٹسیف سے ملاقات

—اسکرین گریب
—اسکرین گریب

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے روسی ہم منصب ولادیمیر کولوکولٹسیف سے ملاقات کی ہے۔

دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے اور اس دوران  باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

اس ملاقات میں منظم جرائم کی روک تھام کے لیے اشتراک بڑھانے اور مجرمان کے تبادلے پر معاہدوں کو حتمی شکل دینے پر اتفاق بھی کیا گیا۔

محسن نقوی اور ولادیمیر کولوکولٹسیف نے پاک روس ری ایڈمیشن معاہدے پر جلد عمل درآمد کا فیصلہ کیا۔


دورانِ ملاقات اینٹی نارکوٹکس فورس اور روسی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا اور پاکستان سے روس ہنر مند افرادی قوت بھیجنے پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔

دونوں وزرائے داخلہ نے سیاحوں اور کاروباری افراد کے لیے ویزے کا حصول آسان بنانے پر بھی گفتگو کی۔

ملاقات میں سائبر کرائم کی روک تھام میں تعاون بڑھانے اور نیشنل پولیس اکیڈمی و روسی پولیس اکیڈمی کے درمیان روابط مضبوط بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ منظم جرائم کی روک تھام کا معاہدہ اہم سنگِ میل ثابت ہو گا، پاکستان سائبر کرائم کے سدباب کے لیے روس کے تجربات سے استفادہ چاہتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ویزا سہولت سے دونوں ممالک کے عوامی روابط میں اضافہ ہو گا، 1300 پاکستانی طلبہ اس وقت روس میں زیرِ تعلیم ہیں۔

ولادیمیر کولوکولٹسیف نے کہا کہ دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی مائیگریشن کے خلاف مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ روس مؤثر اقدامات سے سائبر کرائم میں 33 فیصد کمی لایا ہے۔

قومی خبریں سے مزید