وزیرِ اعظم شہباز شریف اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کو یقین دلایا ہے کہ دہشت گردوں کا قلع قمع کیا جائے گا جبکہ ایم کیو ایم نے بھی خیبر پختون خوا میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں فاروق ستار نے کہا کہ آپریشن کی صورت میں دہشت گرد کراچی کا بھی رخ کر سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے سوال اٹھایا کہ کراچی میں دہشت گردوں کے ممکنہ ردِعمل کو روکنے کے لیے کیا اقدامات کیے جائیں گے اور کس طرح دیگر جگہوں پر دہشت گردوں کی منظم پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا جائے گا؟
ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیرِ اعظم اور وفاقی وزراء نے ایم کیو ایم کے خدشے سے اتفاق کیا اور وزیرِ اعظم نے اس حوالے سے کہا کہ سندھ حکومت سے دہشت گردوں کے خلاف کوآرڈینیشن کے لیے بات کریں گے۔