وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نائجل کلارک سے ملاقات ہوئی ہے۔
بنکاک میں محمد اورنگزیب اور نائجل کلارک کی ملاقات ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر ہوئی، جس میں پاکستان کی معاشی پیشرفت اور اصلاحاتی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کیساتھ شراکت داری کو سراہا اور اصلاحات کےلیے مضبوط سیاسی عزم اور مسلسل عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔
اعلامیے کے مطابق دوران ملاقات وزیر خزانہ نے پاکستان کی بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس میں واپسی اور سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت کو اجاگر کیا۔
اعلامیے کے مطابق سینیٹر محمد اورنگزیب نے اس موقع پر کمزور طبقات کے تحفظ کےلیے ہدفی فیول سبسڈی کے اقدامات سے آگاہی دی اور زرمبادلہ ذخائر میں اضافے اور مسلسل 3 سال بنیادی مالیاتی سرپلس کے حصول سے متعلق بتایا۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پائیدار معاشی نمو، پالیسیوں میں تسلسل، مالیاتی نظم و ضبط، صحت و تعلیم کے اخراجات کے تحفظ اور زرمبادلہ کے ذخائر برقرار رکھنے اور محصولات میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔